سیاسی جماعتوں کا چیف جسٹس فائز عیسیٰ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

اتوار 17 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے 29ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی شخصیات سمیت دیگر مکاتب فکر کے لوگوں کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

امید ہے اب عدل کی روایات کا ڈنکا بجے گا، شہباز شریف

سابق وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے جسٹس فائز عیسیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے اب عدل کے ایوانوں میں عدل کی روایات کا ڈنکا بجے گا۔

شہباز شریف نے کہاکہ عدل آئین، قانون اور ضابطوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، اس وقت عوام عدل وانصاف کی فراہمی کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ امید ہے اب دنیا میں پاکستان کی عدلیہ کی ساکھ اور نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔ دعا ہے کہ نئے چیف جسٹس پاکستان اپنی ذمہ داریوں میں سرخرو ہوں۔

امید ہے عدل کے نظام میں بہتری آئے گی، راجہ پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔

اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک قابل اور سینیئر قانون دان ہیں، امید ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں انصاف فراہم کرنے والے ادارے مزید فعال انداز میں کام کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ریاست کی بقا اور استحکام کے لیے پارلیمان، عدلیہ اور ایگزیکٹو کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے بھی جسٹس فائز عیسیٰ کو مبارکباد

دوسری جانب سے پاکستان تحریک انصاف نے بھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

تحریک انصاف نے امید ظاہر کی ہے کہ چیف جسٹس پاکستان انصاف کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ امید ہے نو تعینات چیف جسٹس آئین اور قانون کے اصولوں کے تحت انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کریں گے۔

ترجمان نے کہاکہ ایک آزاد اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہمیشہ عدل و انصاف پر قائم ہوتی ہے۔ جن معاشروں میں لوگوں کو عدل و انصاف میسر نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف قانون کی پاسداری کرنے والی جماعت ہے جس کا نظریہ قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کے اعلیٰ ترین اصولوں پر مبنی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp