گیس چوری کے خلاف آپریشن شروع، 270 کنکشنز منقطع کر دیے ہیں، اظہر رشید شیخ

اتوار 17 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) اسلام آباد ریجن کے جنرل منیجر اظہر رشید شیخ نے کہا ہے کہ گیس چوری کی روک تھام، واجبات کی وصولی اورغیرقانونی کنکشنز کے خلاف مہم تیز کردی گئی ہے۔

گیس چوری، 37 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج

سرکاری نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک اانٹرویو میں اظہر رشید نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں، اب تک 270 سے زیادہ غیر قانونی میٹرز اور53 ڈائریکٹ کنکشنز کاٹ دیے گئے ہیں،37افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گیس چوروں کو9 کروڑ روپے سے زیادہ کے جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کے ذریعے 7کروڑ 54 لاکھ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

کسٹمر سروسز سینٹرز اتوار کو بھی کھلے رہیں گے

ان کا کہنا تھا کہ لوڈ مینجمنٹ میں گھریلو صارفین کی ضرورت کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے، صنعتیں چلیں گی تو ملک ترقی کرے گا۔ ہمارے کسٹمر سروسز سینٹرز اتوار کو بھی کھلے رہیں گے، صارفین کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

صارفین کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمی ایس این جی پی ایل حکام کے نوٹس میں لائیں، اس پر فوری ایکشن کیا جائے گا۔

اظہر رشید شیخ نےکہاکہ منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسلام آباد ریجن میں گیس چوری کی روک تھام کے لیے قائم کردہ خصوصی ٹاسک فورس کی کارکردگی بڑھانے کے لیے مزید وسائل مہیا کر دیے گئے ہیں اور اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور معاونت بھی حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ گیس چوری روکنے کے لیے بلا امتیاز کارروائی جاری ہے،  قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ سوئی گیس کی ٹیموں نے چٹھہ بختاور، گنگال، جی7، آئی 14، ای 18 اسلام آباد، بھاره کہو ،ترنول واہ کینٹ فتح جنگ اور اٹک کے علاقوں میں کامیاب چھاپے مار کر غیرقانونی کنکشن کاٹ دیئے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی چاره جوئی شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 37 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں جب کہ واجبات کی وصولی سے متعلق 754 مقدمات جبکہ گیس چوری سے متعلق 6 عدد مقدمات مقامی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں،عدالت سے ضمانتیں منسوخ ہونے پر متعدد افراد کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔

گیس چوروں کو9 کروڑ روپے سے زیادہ جرمانے کیے گئے

ان کا کہنا تھا کہ گیس چوری کے خلاف چلائی گئی مہم کے تحت اب تک ملوث افراد کو 9 کروڑ 30 لاکھ روپے کے جرمانے کیے جا چکے ہیں جبکہ قانونی کارروائی کے ذریعے 7 کروڑ 54 لاکھ روپے وصول کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گیس تھیفٹ کنٹرول اینڈ ریکوری ایکٹ کے تحت گیس کا غیر قانونی استعمال، گیس تنصیبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور گیس فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنا جرم ہے۔جس میں 14 برس تک قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانہ دونوں شامل ہیں۔

گیس کے ذخائر سالانہ 9 سے 10فیصد کی شرح سے کم ہورہے ہیں

انہوں نے کہاکہ ملک میں گیس کے ذخائر سالانہ 9 سے 10فیصد کی شرح سے کم ہورہے ہیں اور ہمیں گیس کی قلت کا سامنا ہے، اسلام آباد اورراولپنڈی ڈویژن میں گیس کی طلب 100ایم ایم سی ایف ڈی ہے لیکن ہمیں 50ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے جس کی وجہ سے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑتی ہے۔

محکمہ کے 25 سے 30افراد کو بلیک لسٹ کیا جاچکا ہے

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث محکمہ کے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جاتی ہے ، اس سلسلے میں 25 سے 30افراد کو بلیک لسٹ کیا جاچکا ہے۔

جبکہ عملہ کے 40 سے 50 افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے ، صارفین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے کنکشنزکی محکمہ سے باقاعدہ تصدیق کرائیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت نئے گیس کنکشنز پر پابندی ہے لیکن گیس کنکشنز کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی جاسکتی ہیں تاہم ان پر کارروائی تبھی ہوگی جب نئے کنکشنز پر عائد پابندی حکومت کی طرف سے اٹھائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صارفین کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو آپریشن کا آغازکیا گیا ہے اور 90فیصد مسائل کا خاتمہ فوری طور پر کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گیس چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کے زیر انتظام چھاپہ مار ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp