کیون پیٹرسن پاکستان کرکٹ ٹیم کو ’ہمیشہ کا خطرہ‘ کیوں قرار دے رہے ہیں؟

پیر 18 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 انگلینڈ کے سابق مایہ ناز بلے باز کیون پیٹرسن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ’ہمیشہ  ہمیشہ کا خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے ورلڈ کپ کی ٹاپ فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا ہے۔

انگلینڈ کے سابق مایہ ناز بلے باز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں اکتوبر میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ٹاپ فیورٹ ٹیموں کے نام بتائے ہیں۔

اپنی پوسٹ میں کیون پیٹرسن نے ورلڈ کے لیے ٹاپ فیورٹ ٹیموں میں پاکستان، جنوبی افریقہ، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو شامل کیا ہے۔

انگلینڈ کے سابق بلے باز کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد جنوبی افریقا(پروٹیز) واضح طور پر ٹاپ فیورٹ ٹیموں میں شامل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن بلے باز ہائنرک کلاسن، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 83 گیندوں پر 174 رنز بنائے اس وقت جنوبی افریقا کا سب سے بڑا اثاثہ نظر آ رہے ہیں۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنی غیر یقینی کارکردگی کی وجہ سے جانی جاتی ہے ۔ پاکستان کے پاس کارکردگی دکھانے کا ریکارڈ موجود ہے۔ پیٹرسن نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اسی وجہ سے ٹاپ فیورٹ قرار دیا کہ گرین شرٹس کو سب سے بڑے اسٹیج پر کبھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ کیون پیٹرسن نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو دیگر کرکٹ ٹیموں کے لیے ہمیشہ ہمیشہ کا خطرہ قرار دیا۔

بھارت کے حوالے سے کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ بھارت کو گراؤنڈ میں اپنے شائقین کی طرف سے بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہو گی اور وہ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ایشیا کپ میں بھارت کی حالیہ کارکردگی کے باعث پیٹرسن نے کہا کہ بھارت کو ٹاپ فیورٹ قرار دینا کوئی حیرت کی بات نہیں ہے۔

سابق کرکٹر نے بھارت کے ساتھ انگلینڈ کا بھی ذکر کیا کیونکہ دفاعی چیمپیئن کی جانب سے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں میچ ونرز کھلاڑی موجود ہیں۔

جب ورلڈ کپ کی بات آتی ہے تو کوئی بھی آسٹریلیا کو نظر انداز نہیں کرسکتا ہے اور پیٹرسن نے بھی ایسا ہی کیا اور انہیں ٹاپ فیورٹ ٹیموں میں سے ایک قرار دیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 قریب ہے اور جب ٹیمیں میگا ایونٹ میں پرفارم کرنے کی تیاری کر رہی ہیں تو سابق کرکٹرز بھی دیگر ٹیموں کے بارے میں تجزیہ پیش کر رہے ہیں اور ٹاپ فیورٹ کے نام بتا رہے ہیں۔

اسی طرح انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن نے بھی ورلڈ کپ میں اپنی فیورٹ ٹیموں کے نام لیے جن میں انہوں نے پاکستان کو بھی دیگر ٹیموں کے لیے ہمیشہ کے خطرہ کے طور پر ٹاپ فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا ہے۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں 10 ٹیمیں 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک ٹائٹل کے حصول کے لیے جدوجہد کریں گی، احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے افتتاحی اور فائنل میچ کی میزبانی کی جائے گی۔

کرکٹ ورلڈ کپ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں تمام ٹیمیں مجموعی طور پر 45 لیگ میچز کے لیے ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔

ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 15 نومبر کو ممبئی اور 16 نومبر کو کولکتہ میں ہوں گے۔ سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو ڈے بھی رکھے گئے ہیں ۔

ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق تمام ٹیموں کو 28 ستمبر سے قبل اپنے 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ کو حتمی شکل دینا ہوگی اور اس تاریخ کے بعد کسی بھی متبادل کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی منظوری کی ضرورت ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp