سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے خبردار کیا ہے کہ تمام صارفین کو ایکس تک رسائی کے لیے ادائیگی کرنا پڑ سکتی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ لائیو اسٹریمنگ کے دوران گفتگو میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ایکس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 55 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، یہ صارفین ایک دن میں ایکس پر 10 سے 20 کروڑ تک پوسٹ شیئر کرتے ہیں۔
ایلون مسک کا موقف تھا کہ مصنوعی ذہانت پر تکیہ کرنیوالے چیٹ بوٹس کا مقابلہ کرنے کا واحد طریقہ ادائیگی کا نظام ہے، ہم صارفین سے ایک معمولی ماہانہ ادائیگی کے نظام کی جانب پیشقدمی کررہے ہیں۔
AI Roundtable with @elonmusk, @gdb, and @tegmark https://t.co/98chyR5OWL
— Benjamin Netanyahu – בנימין נתניהו (@netanyahu) September 18, 2023
ایلون مسک نے یہ نہیں بتایا کہ صارفین کو یہ ادائیگی کب سے کرنا ہو گی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر( ایکس) خریدنے کے بعد اس میں کئی تبدیلیاں کی ہیں، جن میں اہم تبدیلی پیسوں کے عوض صارفین کو بلیو ٹک سبسکرائبر کا درجہ یعنی ایکس پریمیئم بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ ایکس کے سبسکرائبر کو ماہانہ 8 ڈالر ادائیگی کرنا پڑتی ہے، جس کے بدلے ان کو ایکس پر طویل دورانیے کی ویڈیو پوسٹ کرنے اور لاتعداد الفاظ میں تحریریں شیئر کرنے کی سہولیت فراہم کی جاتی ہے۔