لاہور میں بارش کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں صبح سویرے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ جاری ہے اور سب سے زیادہ بارش لاہور ایئر پورٹ کے اطراف میں ریکارڈ کی گئی ہے، بارش کا یہ سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اب تک سب سے زیادہ بارش ایئر پورٹ پر 152 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے ،گلبرگ میں 137 ، تاجپورہ میں 152 ، نشتر ٹاﺅ ن میں 136 ،پانی والا تالاب میں 41 ، گلش راوی میں 149 جبکہ جوہر ٹاﺅن میں 112 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے ، لاہور میں بارش کا یہ سلسلہ مزید 2 روز تک جاری رہنے کا خدشہ ہے ۔

منگل کے روز کمشنر لاہور نے ایم ڈی واسا غفران احمد اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ قرطبہ چوک، جیل روڈ، مین بلیوارڈ، لبرٹی، کلمہ چوک، فیروزپور روڈ اور جنرل اسپتال کا دورہ کیا۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کے مطابق لاہور میں اب تک 168 ایم ایم بارش ہو چکی ہے۔ 6 سے زائد علاقوں میں 100 ایم ایم سے زائد بارش ہو چکی ہے، اکثر علاقوں میں تیز بارش رک گئی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں ابھی بھی جاری ہے۔

محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ لبرٹی راؤنڈ اباؤٹ کی اندرونی سائیڈ پر جمع پانی کی نکاسی شروع ہو چکی ہے، لکشمی چوک، جناح انڈر پاس اور کیپٹن مبین شہید انڈر پاس سے پانی کی نکاسی ہو چکی ہے۔

کمشنر لاہور نے جنرل اسپتال کا دورہ بھی کیا اور بلڈ بینک، شعبہ امراض سینہ سمیت دیگر شعبہ جات میں نکاسی آب کا جائزہ لیا اور بتایا ہے کہ جنرل اسپتال میں چند جگہوں پر بارش کا پانی جمع ہوا ہے جس کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری اور ڈی واٹرنگ سیٹس کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں اور مین سڑکوں سے نکاسی آب شروع ہو چکی ہے، اسسٹنٹ کمشنر نکاسی کا عمل مکمل ہونے تک آپریشن کی نگرانی کریں گے۔

دوسری جانب لاہور ریسکیو حکام کے مطابق تیز بارش سے ایگ گھر کی چھت گرنے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جنہیں جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں نسرین، میرب اور حسن شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp