کینیڈا نے بھارت کو دنیا میں بری طرح بے نقاب کیا ہے، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہاکہ کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت نے کینیڈین شہری کو کینیڈا میں قتل کیا ہے، کینیڈا کے وزیر اعظم نے بھارت پر بہت بڑا الزام لگایا ہے جس سے بھارت پوری دنیا میں بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ کینیڈا نے بھارت کو بری طرح بے نقاب کیا ہے، عالمی برادری کب تک بھارت سے جڑے واقعات کو نظر انداز کرتی رہے گی، بھارت پاکستان میں بھی دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے، پاکستان کے دفتر خارجہ کو بھی اس پر واضح بیان دینا چاہیے۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی سماعت براہراست دکھانا اچھا اقدام تھا

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہاکہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پارلیمان کی بالادستی کے حوالے سے ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیس اہمیت کا حامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فل کورٹ اس کیس کو سن رہا ہے، فل کورٹ بنانے اور سماعت براہراست دکھانے کا فیصلہ مناسب تھا۔ چیف جسٹس کی جانب سے مناسب فیصلہ کیا گیا۔ باقی کیسز کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے وہ چیف جسٹس کا اپنا اختیار ہے۔

لیول پلیئنگ فیلڈ مسلم لیگ ن کا مسئلہ ہے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مسئلہ مسلم لیگ ن کا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات آپ سب کو نظر آرہی ہے یہ مطالبہ مسلم لیگ ن کا تھا، لیول پلیئنگ فیلڈ پر پی پی سمیت تمام پی ڈی ایم اتحادیوں کو انگیج کیا جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہاکہ سینٹر ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے جو اعتراضات سامنے آئے تھے وہ ہم نے آصف علی زرداری صاحب کے سپرد کر دیے ہیں، یہ معاملہ اب وہ ہی دیکھیں گے۔ والد صاحب کو اتنی سپیس دیں کہ وہ ہمارے اختیارات کو دور کر سکیں۔

الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا

بلاول بھٹو نے الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی قانونی طریقے سے الیکشن میں حصہ لے گی، الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جو ترقیاتی اسکیمیں منظور ہوئی تھیں انہیں چلنا چاہیے تھا، عوامی مفاد کے منصوبوں کو بند نہیں کیا جانا چاہیے، صرف ایک جماعت پراپگینڈا اور کردار کشی کی ماہر ہے۔

مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے

بلاول بھٹو نے کہاکہ مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، عوام کو کوئی دلچسپی نہیں کہ کون کیا کر رہا ہے اور قیدی نمبر 804 کے ساتھ کیا ہو رہا ہے اور وہ کیا کر رہا ہے، عوام کا مسئلہ یہ ہے کہ بچوں کی فیس اور دوائیاں کیسے پوری کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ اس مہنگائی کا حل صرف یہی ہے کہ عوام کو ایک امید دی جائے اور ایک روڈ میپ دیا جائے جس کی عوام کو ضرورت ہے۔

پیپلز پارٹی کا نواز شریف کی واپسی کا مطالبہ پرانا ہے

بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے واپسی کا اعلان کیا ہے تو پیپلز پارٹی ان کو ویلکم کرے گی، پیپلز پارٹی کا تو یہ پرانا مطالبہ تھاکہ میاں صاحب واپس آئیں۔

انہوں نے کہاکہ جہاں تک کیسز کا سوال ہے ہم اپنے کیسز کو فیس کرنے کے لیے تیار ہیں اور میاں صاحب اپنے کیسز کو آکر فیس کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp