لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، گارڈن ٹاؤن اور کاہنہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاہور شہر کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل
موسلا دھار بارش کے باعث شہر کی کئی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ ہے جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مال روڈ پر فیصل چوک کے قریب درخت بھی سڑک پر آ گرا جس سے مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
موسلا دھار بارش کے بعد لیسکو کے فیڈرز ٹرپ
بارش کے باعث لیسکو کے 100 سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ہیں، بیشتر علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نکاسی آب کے لیے متحرک
ضلعی انتظامیہ سڑکوں سے نکاسی آب کے لیے متحرک دکھائی دے رہی ہے، کمشنر ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین واسا مختلف علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے قرطبہ چوک، عابد مارکٹ، لکشمی چوک کا دورہ کیا اور نکاسی آب کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بھی گارڈن ٹاؤن، قذافی اسٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے پانی کی جلد نکاسی کے لیے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے کچے مکانات ، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
لاہور کے کس علاقے میں کتنے ملی میٹر بارش ہوئی؟
لاہور شہر میں اب تک سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 168 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، لاہور ایئرپورٹ پر 167 ، گلبرگ میں 141، نشتر ٹاؤن میں 150، پانی والا تالاب میں 41، گلشن راوی میں 151 اور جوہر ٹاؤن میں 121 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واسا حکام کے مطابق قرطبہ چوک پر 101، اقبال ٹاؤن میں 96 ملی میٹر، مال روڈ پر 95 اور لکشمی چوک پر 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔