حکومت کی مافیاز کے خلاف کارروائیاں جاری، اب تک کیا کامیابی مل سکی؟

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے، ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافے کو روکنے، بجلی چوری پکڑنے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مافیاز کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے، اس کریک ڈاؤن سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 25 سے 30 روپے کمی ہوئی ہے۔

اسی طرح چینی کی قیمت میں 1500 روپے فی بوری کمی ہوئی، بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں سے 4 ارب 61 کروڑ کی ریکوری ہوئی ہے جبکہ 1104 بجلی چوروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے ملک بھر میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران ایف آئی اے نے ملک بھر میں 303 سے زائد مقامات پر چھاپے مار کر 425 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ایف آئی اے نے متعدد دفاتر اور دکانوں کو سیل کیا ہے۔ ایف آئی اے کا دعوٰی ہے کہ گرفتار ملزمان سے 3 ارب 60 کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ہے، اس میں 5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کی ملک گیر کارروائیوں سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 25 سے 30 روپے تک کی کمی ہو گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 325 سے کم ہو کر 296 روپے تک آ گیا ہے۔

انٹر بینک میں ڈالر 4 ستمبر کو 305.64 پیسے تھا جو کہ اب 10 روپے کی کمی کے بعد 295.95  روپے کا ہو گیا ہے۔ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں اور غیر قانونی کرنسی رکھنے والوں نے ڈر سے اب ڈالر فروخت کرنا بھی شروع کر دیے ہیں۔

بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں

ملک بھر میں گزشتہ ماہ بجلی کے زیادہ بلوں پر احتجاج کے دوران سڑکوں پر اجتماعی طور پر بجلی کے بل جلائے گئے، عوام کی جانب سے بلوں پر ریلیف دینے، سرکاری افسران، ملازمین کو ملنے والی مفت بجلی بند کرنے اور بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

حکومت نے بجلی چوروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا اور ادائیگی نہ کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے۔

 سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کے مطابق حکومت نے ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے اور 7 ستمبر کے بعد سے گزشتہ 12 دنوں میں 4 ارب 61 کروڑ روپے کی بجلی چوروں سے ریکوری کی گئی ہے۔

ایک ہزار 104 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور 9 ہزار 564 ایف آئی آر رجسٹرڈ کی گئی ہیں۔

سونا ذخیرہ اور اسمگل کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

حکومت نے ملک بھر میں گولڈ مافیا اور اسمگلرز کے خلاف فیصلہ کن ایکشن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جینس ایجنسیوں پر مشتمل ٹاسک فورس بنا دی ہے جو کہ سونے کے اسمگلرز اور مافیا کو پکڑ کر اُن کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔

ٹاسک فورس نے سونا اسمگلنگ کرنے والے مافیا اور اسمگلرز کی لسٹیں تیار کرلی ہیں، جبکہ حکومت نے سونے کا کاروبار کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور سونے کی خرید و فروخت کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے بھی کام شروع کر دیا ہے۔

حکومتی احکامات کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 32 ہزار روپے تک کی کمی ہوئی تھی، سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 42 ہزار سے کم ہو کر 2 لاکھ 9 ہزار روپے تک آئی تھی تاہم اب دوبارہ قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے اور فی تولہ قیمت 2 لاکھ 20 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔

چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں

ملک بھر میں چینی کے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب تک چینی کی 60 ہزار سے زیادہ 50 کلو والی بوریاں مختلف گوداموں سے قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ حکومتی کارروائیوں سے چینی کی قیمت میں 30 روپے فی کلو تک کی کمی کی جا چکی ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی کے 50 کلو کے تھیلے پر 1500 روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 9 ہزار سے کم ہو کر 7 ہزار 500 تک آ  گئی ہے۔

چینی کے علاوہ گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں، بیرون ملک اسمگل کی جانے والی لاکھوں گندم کی بوریاں پکڑی جا چکی ہیں، یہی وجہ ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافہ رک گیا ہے۔

سندھ میں غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ میں بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف مہم

پاکستان رینجرز نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی سپلائی لائن کو محفوظ بنانے کے لیے آپریشن کیا ہے اور اس دوران 30 غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل کیے گئے ہیں۔ جبکہ اس دوران 106 افراد کو پانی چوری کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پاکستان رینجرز کی طرف سے آپریشنزمنگھوپیر، ناظم آباد، اورنگی، ایوب گوٹھ، جنجل گوٹھ، گلزارِہجری، قیوم آباد اور جمشید کوارٹرز کے علاقے میں کیے گئے ہیں۔

آپریشنز کے دوران واٹر باؤزر، موٹریں، پائپ، کیبل سمیت واٹر پمپس  برآمد کیے گئے ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 21 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔

غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائی

سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے، ستمبر 2021 سے اب تک تقریباً 3 ہزار 423 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ 843 ایسے غیرملکی باشندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو مختلف جرائم میں ملوث تھے۔

حکومت کی ہدایات پر رینجرزکا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن

سندھ رینجرز نے حکومتی ہدایات پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی ہے۔ اس دوران اندرون سندھ اور کراچی میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی چینی کی تقریباً 15 ہزار سے زیادہ بوریاں برآمد کی گئی ہیں۔

ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن میں 74 ہزار 589 لیٹر پیٹرول بھی برآمد کیا گیا اور اس دوران 78 افراد گرفتار کیے گئے، حب چوکی سمیت کئی علاقوں سے ہزاروں لیٹر ایرانی پیٹرول برآمد کیا گیا ہے۔

ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھی کارروائی

سندھ رینجرز کی جانب سے ڈاکوؤں، منشیات فروشوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف 124 مختلف آپریشنز کیے گئے، ان آپریشنز میں 355 افراد گرفتار، 82 ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

رینجرز نے بڑی وارداتوں میں رکشہ ڈکیت اور شمس ڈکیت گروپ سمیت 7 بڑے گروپوں کی خلاف آپریشنز کیے۔

پاکستان رینجرز اور پولیس کے اشتراک سے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور دیگر علاقوں میں چیکنگ کے ذریعے مجرموں کی تلاش جاری جاری ہے۔

کندھ کوٹ میں رینجرزاور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دوآرمز ڈیلر گرفتار کیے گئے۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کچے کے علاقے میں آپریشن کے لیے حیدرآباد سے اضافی رینجرز کا اضافی ونگ گھوٹکی روانہ کردیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp