پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ: اینٹی کرپشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعلٰی پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پرویزالٰہی کو لاہور کی ضلع کچہری میں پیش کیا، اینٹی کرپشن کی جانب سے پرویزالٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی، عدالت نے دلائل سننے کے بعد پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے کیس کی سماعت کی، پرویزالہی کے وکیل عامر سعید راں نے سرکاری وکیل کے دلائل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ جس کیس میں ریمانڈ لینے آئے ہیں اس پر پراسیکیوٹر دلائل نہیں دے رہے۔

اینٹی کرپشن کے وکیل رانا انتظار نے مؤقف اپنایا کہ ہم نے 2 کیسز میں ریمانڈ لینا ہے، ایک محمد خاں بھٹی تعنیاتی کیس اور اسمبلیوں میں بھرتی کیس دونوں میں ریمانڈ لینا ہے۔

وکیل اینٹی کرپشن نے بتایا کہ بھرتی کیس میں پرویز الٰہی کی حفاظتی ضمانت لاہور ہائیکورٹ سے منظور ہو چکی ہے۔

پرویزالہیٰ کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ پراسیکیوٹر دلائل نہیں دے سکتے ان کے پاس اتھارٹی لیٹر نہیں، جب تک ان کا اتھارٹی لیٹر نہیں آتا ان کے دلائل دینا بنتے نہیں ہیں، کل انہوں نے ہی یہ فیصلہ چیلنج کردینا ہیں۔

اینٹی کرپشن پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے والی بیل آڈر میں بھی میرے دستحط موجود ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ یہ پرسوں پیش ہوئے تھے کیا۔ جس پر پرویزالٰہی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ پراسیکیوٹر نہیں پیش ہوئے تھے۔

پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ میں انڈرٹیکنگ عدالت میں دینے کو تیار ہوں، ان کیسز میں پیش ہونے کا میرا آرڈر ہوا ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

موجودہ ملکی حالات اور مہنگائی کے ذمہ دار شریف برادران ہیں، پرویز الٰہی

احاطہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میں پریس کانفرنس نہیں کروں گا، ملکی حالات کو بہتر کرنا ہوگا، مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشیوں پر اترآئے ہیں۔

سابق وزیراعلٰی نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف دونوں بھائیوں نے آئی ایم ایف سےغلط شرائط پرقرضہ لیا، ملک میں مزید بے روز گاری ہونے جارہی ہے، نگراں حکومت کے پیچھے بھی نواز اور شہبازشریف فارمولا ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا، پی ٹی آئی دورمیں پیٹرول کی یہ قیمت نہیں تھی، آج کی مہنگائی کا ذمہ دار نوازشریف اور شہبازشریف ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp