صدر جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن آف پاکستان ہارون رشید نے سونے کی قیمتوں میں مسلسل ’سٹے‘ سے دلبرداشتہ ہو کر مستعفی ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ہارون رشید نے کہاکہ پشاور اور لاہور کی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت خود ساختہ طور پر 2 لاکھ 30 ہزار روپے پر پہنچ گئی۔
انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے لیے گولڈ مارکیٹ جمعے کو کھولی جائے گی، بلیک مارکیٹنگ بند کرنے کے باوجود سونے کی قیمتوں میں سٹہ چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حساس ادارے بلین مارکیٹ کو 3 ماہ کے لیے بند کرنا چاہتے تھے، ہم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سٹہ نہیں چلے گا، سونے کی قیمتوں میں مسلسل سٹہ چلانے والوں کےخلاف چند دنوں میں بڑا کریک ڈاؤن ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ حساس اداروں کے پاس سونے کی قیمتوں میں سٹہ چلانے والوں کا بمعہ تصاویر ڈیٹا موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گولڈ مارکیٹ کو بند کرنے کا مقصد سونے کی قیمت میں سٹے کو قابو کرنا ہے۔
ہارون رشید نے کہاکہ حساس اداروں سے مشاورت جاری ہے، سونے کی خریدوفروخت کو ڈیجیٹل کیا جائے گا۔ ہم حکومت سے رابطے میں ہیں، امپورٹ کھولنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔