نگراں وزیراعظم سے ایرانی صدر کی ملاقات، معاشی تعاون کے فروغ پر زور

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی میں نیویارک میں ملاقات ہوئی ہے۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انوارالحق کاکڑ اور ایرانی صدر کی ملاقات اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے، اس موقع پر نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اقتصادی تعاون کو بھی فروغ دیا جائے۔

نگراں وزیراعظم نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو معاشی میدان میں دوطرفہ تعاون بڑھانا چاہیے۔

انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بارڈر مارکیٹ جیسے اقدامات سے سرحدی علاقوں میں ترقی ہوگی اور عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

نگراں وزیراعظم نے کہاکہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ’سب سے پہلے پڑوس‘ کی پالیسی خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں علاقائی تجارت کو بڑھانا چاہیے۔

واضح ہے کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس وقت نیویارک میں موجود ہیں جہاں وہ جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp