’بس بہت ہو گیا سوشل میڈیا پر سب سچ نہیں ہوتا‘، وسیم اکرم کا پیغام کس کے نام؟

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وسیم اکرم وسیم اکرم نے پاکستان کے ایشیا کپ سے باہر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی فیک نیوز پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ لوگ سوشل میڈیا پر پھیلی ہر بات پر یقین کرنا چھوڑ دیں، کیونکہ جھوٹی اور جعلی خبریں دونوں ممالک میں نفرت کو بڑھا رہی ہیں۔

مشہور سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھاکہ لوگ ہر بات پر یقین کرنا چھوڑ دیں، کیونکہ ہر غلط بات پر یقین کرنا آسان ہوتا ہے۔ فیک نیوز دنیا میں غیر ضروری تنازعات کو ہوا دیتی ہیں۔

انہوں نے لکھاکہ فیک نیوز زندگی کا حصہ ہے لیکن اس نے ہمیشہ نفرت کو جنم دیا ہے، بھارت اور پاکستان کے درمیان مزید دراڑ پیدا کررہی ہے جس کی دونوں ممالک کو مزید ضرورت نہیں ہے۔

وسیم اکرم نے ٹوئٹر پوسٹ سے بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو ہر بات پر یقین کرنا چھوڑ دینا چاہیے، فیک نیوز دونوں ملکوں کے درمیان مزید نفرت پھیلا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وسیم اکرم کی پوسٹ پر قیاس آرائی کرتے ہوئے کچھ بھارتی شائقین نے وسیم اکرم کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ لگتا ہے وسیم اکرم اپنے دیے گئے بیان پر بات کررہے ہیں کہ سوشل میڈیا پر سب سچ نہیں ہوتا۔

یاد رہے ایشیا کپ کے فائنل کے حوالے سے وسیم اکرم سے منسوب ایک بیان بھی گردش کر رہا ہے جس میں انہوں نے کہا تھاکہ سری لنکن ٹیم کی کارکردگی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پردے کے پیچھے کچھ ‘انتظام’ کیا گیا ہے۔ ان کے اس بیان سے یہ تاثر پیدا ہوا تھاکہ بھارت اور سری لنکا کا میچ فکس تھا۔

دوسری جانب پاکستانی شائقین نے بھارتی شائقین کو جواب دیتے ہوئے لکھاکہ وسیم اکرم شاید ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان کو شکست کے بعد کھلاڑیوں کی ڈریسنگ روم میں لڑائی کی جھوٹی خبریں پھیلائی جانے پر بات کررہے ہیں۔

واضح رہے جب پاکستان کو ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی، تو سوشل میڈیا پر یہ خبر پھیل گئی تھی کہ پاکستانی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں آپس میں ہی لڑ پڑے ہیں۔

تاہم وسیم اکرم کی پوسٹ سے یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے کس معاملے پر بات کرتے ہوئے یہ پوسٹ شیئر کی ہے، مگر دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین ان کی پوسٹ کو اپنے اپنے اندازے کے مطابق واقعات سے جوڑ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp