فروٹ باسکٹ ’کوئٹہ‘ کا سیب ملک میں سب سے لذیذ، مگر کیوں؟

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو پھلوں کی ٹوکری بھی کہا جاتا ہے۔ یوں تو شہر کی آب و ہوا کئی پھل لگانے کے لیے ساز گار ہے لیکن کوئٹہ کے سیب اپنی مثال آپ ہیں۔ ذائقے میں شہد کی مانند میٹھے اور رنگت میں سبز و سرخ سیب نہ صرف بلوچستان میں مشہور ہیں بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں ان سیبوں کی مانگ سب سے زیادہ ہے۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنا اوڑک میں سیبوں کے سیکڑوں باغات موجود ہیں جہاں سالانہ ہزاروں ٹن سیب اگایا جاتا ہے۔ ان میں 2 اقسام کے سیب سب سے زیادہ اگائے جاتے ہیں جن میں طور کولو اور شن کولو شامل ہیں۔ طور کولو بناوٹ میں چھوٹا اور زرد و سرخ رنگ کا ہوتا ہے جبکہ شن کولو سبز و زرد رنگ کا ہوتا ہے۔

کوئٹہ میں سیب کے باغ کے مالک جہانگیر خان نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 3 دھائیوں سے وہ اپنے باغات میں 7 اقسام کے سیب اگا رہے ہیں لیکن سب سے زیادہ مانگ طور کولو سیب کی ہے جو ذائقے میں رسیلا اور میٹھا ہے۔

جہانگیر خان بتاتے ہیں کہ کوئٹہ کے علاقے ہنا اوڑک کے سیب کا ذائقہ دراصل اس وجہ سے ہے کیونکہ ان باغات کو چشموں کے پانی سے دھو کر سیراب کیا جاتا ہے اور جب پہاڑ کے پیچھے سے چاند کی روشنی ان درختوں پر پڑتی ہے تو یہ سب عوامل ان سیبوں کے ذائقے میں چار چاند لگا دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp