ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ارشد شریف قتل کیس کی ٹرائل کورٹ میں کارروائی روک دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے اینکرپرسن ارشد شریف قتل کیس کی ٹرائل کورٹ میں کارروائی روک دی۔ کارروائی کی فائل گواہان کی عدم پیشی اورعدم دلچسپی کے باعث ریکارڈ روم بھیج دی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلہ کے مطابق 16مارچ کو ارشد شریف قتل کیس میں عدالت کو پینل کوڈ سیکشن512 کا چالان موصول ہوا۔ 5اپریل کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے عدالت نے گواہان کو طلبی کا نوٹس بھیجا۔ متعدد بار بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے گواہان کو طلب کیا گیا لیکن کوئی پیش نہ ہوا۔
فیصلہ کے مطابق ارشد شریف قتل کیس میں گواہان کی بیان ریکارڈ کروانے میں دلچسپی نہیں۔ 15 مرتبہ پراسیکیوشن کو ثبوت جمع کروانےکا موقع دیاگیا۔ گزشتہ سماعت پر پراسیکیوشن کو نوٹس دیا کہ کیوں نہ فائل ریکارڈ روم بھیج دی جائے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق پرائیویٹ اور سرکاری گواہان بیانات ریکارڈ کروانے عدالت نہیں آرہے ہیں۔ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ارشدشریف قتل کیس کی کاروائی روک دی جاتی ہے۔
گواہوں کی پیشی کو دیکھتے ہوئے پراسیکیوشن نئی تاریخ کے لیے درخواست دائر کر سکتی ہے۔ آئندہ احکامات تک ارشد شریف قتل کیس کی فائل کو ریکارڈ روم بھیج دیا جاتاہے۔