انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈیلاس، فلوریڈا اور نیویارک کو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی کے لیے 3 امریکی مقامات کے طور پر منظوری کی تصدیق کی ہے۔
ڈیلاس میں گرینڈ پریری، فلوریڈا کی بروورڈ کاؤنٹی اور نیویارک کی نساؤ کاؤنٹی کرکٹ کے اس تاریخی ایونٹ کا حصہ ہوں گی، جو پہلی بار امریکہ میں منعقد کیا جائے گا۔
آئی سی سی بورڈ نے نومبر 2021 میں ویسٹ انڈیز اور امریکا کو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی سے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد کئی آپشنز کے وسیع جائزہ کے بعد امریکا کے ان 3 شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس کا کہنا تھا کہ انہیں امریکا کے تین شہروں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، جو کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کے سب سے بڑے ICC مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گے، جس میں 20 ٹیمیں ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
’امریکا حکمت عملی کے لحاظ سے ایک اہم مارکیٹ ہے اور منتخب کردہ یہ تینوں شہر ہمیں دنیا کی سب سے بڑی کھیلوں کی مارکیٹ میں کرکٹ کے فروغ کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔‘
“ہم نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے امریکا میں متعدد ممکنہ مقامات کا جائزہ لیا اور اس ایونٹ کے ممکنہ انعقاد کے حوالے سے ہر جگہ ممکنہ میزبانوں میں کرکٹ اور اس کے فروغ کے حوالے سے اچھا خاصا جوش و خروش پایا۔ اس رد عمل سے ہمیں تقویت ملی کہ یہ کھیل اپنی بے پناہ مقبولیت کے باعث مختلف النوع برادریوں کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔‘
نیویارک کی نساؤ کاؤنٹی میں بامقصد کھیلوں اور ایونٹس کے لیے مختص آئزن ہاور پارک میں 34 ہزار نشستوں کی گنجائش رکھنے والے ایک ’کم خرچ، بالانشین‘ قسم کے ماڈیولر اسٹیڈیم کی تعمیر کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔گرینڈ پریری اور بروورڈ کاؤنٹی میں موجودہ مقامات پر نشستوں میں اضافے سمیت میڈیا اور اگلے درجہ کی مہمان نوازی کے انکلوژرز میں ماڈیولر اسٹیڈیم کے ذریعے اضافہ کیا جائے گا، جو حتمی معاہدے سے مشروط ہیں۔
آئی سی سی ثیف کے مطابق وہ ماڈیولر اسٹیڈیم ٹیکنالوجی کو ایسے مقام پر عالمی معیار کی کرکٹ پیش کرنے کے لیے استعمال کرنے کے موقع کے بارے میں بہت پرجوش ہیں جس نے اس سے قبل آئی سی سی کے کسی عالمی ایونٹ کی میزبانی میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے۔
’یہ ٹیکنالوجی پچھلی آئی سی سی ایونٹس میں جگہ کی گنجائش بڑھانے کے لیے استعمال کی گئی ہے اور یہ دنیا بھر کے دیگر بڑے کھیلوں میں معمول کے مطابق استعمال ہوتی ہے۔ USA میں، یہ ہمیں ڈلاس اور فلوریڈا دونوں جگہوں کے سائز کو بڑھانے اور نیویارک میں ایک شاندار مقام بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔‘
نساؤ کاؤنٹی کے چیف ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کا کہنا تھا کہ ان کی کاؤنٹی آئی سی سی کے ساتھ مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے انتہائی پرجوش ہے، کیونکہ کرکٹ دنیا کے مقبول کھیلوں میں سے ایک ہے۔ ’دنیا بھر میں آباد ایک ارب سے زائد شائقین کے ساتھ یہ ایونٹ سب کو آئزن ہاور پارک کی جانب راغب کرے گا۔‘
امریکا میں واقع جارج میسن یونیورسٹی واشنگٹن سمیت متعدد دیگر مقامات کو بھی آئندہ برس منعقد ہونیوالے اس ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل مختلف میچوں اور تربیت کے ممکنہ مقامات کے طور پر شناخت کرلیا گیا ہے۔