وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور شہر کو محفوظ بنانے کے لیے لگائے گئے سیف سٹی کیمرے خود ہی غیر محفوظ ہو گئے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اب لوگوں پر نظر رکھنے والے کیمرے چوروں کی نظروں میں آچکے ہیں۔
اسلام آباد میں تحفظ یقینی بنانے والے کیمرے چوری ہوگئے اور بات صرف یہیں تک نہیں بلکہ ہاتھ ڈالا بھی گیا تو ان کیمروں پر جو پولیس تھانے کے عین سامنے لگے ہوئے تھے۔ لیکن یہاں ایک بات اور ہے جو یقیناً عوام کو ششدر کرنے کے لیے اکیلی ہی کافی ہوگی اور وہ یہ کہ پولیس کو اس چوری کا پتا 15 دنوں بعد لگا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کے باہر لگے سیف سٹی کیمرے چوری کر لیے گئے ہیں جبکہ پولیس چوروں کی اس کارستانی سے 2 ہفتے تک لاعلم رہی۔ 15 روز گزرنے کے بعد سیف سٹی ٹیم جب جائے واردات پر پہنچی تو کیمرے ہی غائب تھے۔
2 ستمبر کی رات کیمرے بند ہو گئے تھے تاہم پولیس کی جانب سے اب تک محض رپورٹ ہی لکھی گئی اور 2 ستمبر کی چوری کا مقدمہ 16 ستمبر کو تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا۔
چوری ہونے والے کیمروں کی مالیت ایک لاکھ 20 ہزار مالیت روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف سیف سٹی کیمرے چوری کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔