اب خواتین زائرین عمرہ کو کس قسم کا لباس پہننا ہوگا؟ نئے قواعد و ضوابط کا اعلان

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی وزارت حج وعمر نے خواتین زائرین عمرہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ جاری کر دیا، جس کے مطابق پوری دنیا سے عمرہ کے لیے آنے والی خواتین اپنی پسند کا کوئی بھی لباس پہن سکتی ہیں لیکن اس کے لیے 3 ضابطوں کا خیال رکھنا ہر حال میں ضروری ہوگا۔

وزارت حج کے مطابق عمرے کے لیے آئی خواتین کا لباس غیر آرائشی اور ڈھیلا ہونا چاہیے جو جسم کے کسی بھی حصے کو ظاہر نہ کرے۔

سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین خواتین عمرے کے لیے مسجد الحرام آتے وقت ایسا کوئی بھی لباس پہن سکتی ہیں جو مذکورہ تینوں ضوابط پر پورا اترے۔

وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈریس کوڈ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مقدس لباس کے دائرے میں عمرہ کا سفر کرنے والی خواتین کے لیے احرام اور روایتی لباس کے درمیان فرق واضح ہو جاتا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق خواتین کو حج یا عمرہ کے لیے اپنی پسند کا کوئی بھی لباس پہننے کی اجازت ہے بشرطیکہ مندرجہ ذیل شرائط پوری ہونا ضروری ہیں۔

کپڑے چوڑے اور ڈھیلے ہونے چاہیئیں، اس میں کوئی آرائشی عناصر نہیں ہونا چاہیے، لباس سے مکمل جسم ڈھانپا ہو اور کوئی بھی حصہ ظاہر نہیں ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ عمرے کے لیے مرد زائرین کے لیے 2 چادروں پر مشتمل بغیر سلا احرام پہننا لازم ہے تاہم خواتین کے لیے ان کا سلا ہوا لباس ہی احرام ہوتا ہے۔

واضح رہے حال ہی میں سعودی عرب نے اس مذہبی سفر کو عالمی زائرین کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانے کے لیے متعدد سہولیات متعارف کرائی ہیں۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ عمرہ ویزا میں 30 سے 90 دن کی توسیع کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp