ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور مزاحمت کے حوالے سے تھانہ کورال میں درج مقدمہ کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ محمد نوید خان نے کی۔
عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سماعت پر بھی درخواست کی تھی کہ عمران خان کو عدالت پیش کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں لیکن سیکورٹی رسک سمیت سائفر کیس کے بہانے بنائے جا رہے ہیں۔ وکیل کے مطابق عمران خان اسی عدالت میں پہلے بھی پیش ہو چکے ہیں، پیشی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامیہ نے فراہم کرنا ہوتی ہے۔
جج محمد نوید خان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی ٹی آئی اس وقت اٹک جیل ہیں۔ انہیں طلب کرنا عام معاملہ نہیں لیکن اس پر نوٹس جاری کریں گے۔ عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے موقف اختیار کیا کہ اگر وارنٹ پر عمل کروانا ہو تو پورا آپریشن کیا جاتا ہے۔
جس پر جج نوید خان نے وکیل نعیم پنجوتھہ کو عمران خان کی دوبارہ طلبی کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست پر حکم جاری کردیا جائے گا۔