نگراں حکومت کی طویل مدت ہونے کی افواہیں پھیلانے والوں کے لیے یہ مایوس کن خبر ہے، مرتضٰی سولنگی

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا انتہائی خوش آئند ہے، آئین کے تحت انتخابات ہونا ایک بڑی خبر ہے تاہم یہ خبر ان لوگوں کے لیے مایوس کن بھی ہے جو کہتے تھے کہ نگراں حکومت طویل عرصے تک ٹکنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے کہاکہ آئین میں لکھا ہے کہ ملک اس کے منتخب نمائندے ہی چلائیں گے، انتخابات کا ہونا ایک بہترین اقدام ہے، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 30 نومبر تک تمام کام مکمل ہو جائے گا، الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخابی مہم چلانے کے لیے 54 دن دیے  جائیں گے۔

نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ انتخابات کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن 27 ستمبر کو حلقہ بندیوں سے متعلق ابتدائی فہرست جاری کرے گا۔انتخابات سے معاشی اور سیاسی عدم استحکام ختم ہوگا

انہوں نے کہاکہ نجکاری کے حوالے سے لوگ تبصرے کر رہے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ نجکاری کا ایجنڈا آئین سے باہر نکل گیا ہے اور اداروں کی نجکاری سے متعلق پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔

میرے بارے میں کہا گیا کہ  3 ماہ کے اندر پی آئی اے کو بند کروں گا، فواد حسن فواد

نگراں وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہاکہ میرے بارے میں تاثر دیا گیا کہ 3 ماہ کے اندر پی آئی اے کو بند کر دوں گا، لیکن کچھ باتوں کی وضاحت کرنا ضروری ہوتا ہے۔ نگراں حکومت کے بارے میں نجکاری کے معاملے پر غلط خبریں چلائی گئیں۔

فواد حسن فواد نے کہاکہ اداروں کی نجکاری کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جبکہ سابقہ حکومت نے نگراں حکومت کو اختیارات دیے، بتایا گیا کہ یہ چیزیں نگراں حکومت کر سکتی ہے، نجکاری کے عمل کے ہر مرحلے کا مقررہ وقت ہوتا ہے۔

نگراں وزیر نجکاری نے کہاکہ پی آئی اے کو جون سے سنگین مسائل کا سامنا رہا ہے، جون سے جو کام نہیں ہو سکا وہ ہم نے 48 گھنٹوں میں کر لیا ہے جس سے پی آئی اے کو فیول ملنا شروع ہو گیا ہے اور پروازیں معمول کی اڑان بھر رہی ہیں۔ عام آدمی پر ڈالے جانے والے بوجھ کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp