کینیڈا نے بھارت کی جانب سے کینیڈا میں مقیم بھارتی شہریوں کے لیے جاری کی گئی سفری ہدایات کو مسترد کردیا ہے۔
اے پی پی کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کا ذمہ دار بھارتی حکومت کو ٹھہرانے کے بعد بھارت نے اپنے شہریوں خصوصا کینیڈا جانے کے خواہشمند ہیں یا وہاں مقیم طلبا کو محتاط رہنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم اس بات کو کینیڈا نے مسترد کردیا۔
کینیڈا کے پبلک سیفٹی منسٹر ڈومینک لی بلینک نے بھارت کی ٹریول ایڈوائزری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا تمام لوگوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت گزشتہ روز نے اپنے شہریوں کو کینیڈا کے سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی تھ، شہریوں کو جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری میں حکومت نے کہا تھا کہ ’کینیڈا میں ہندوستان مخالف سرگرمیوں اور نفرت انگیز جرائم کے پیش نظر سبھی ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وہاں سفر کرتے وقت خاص احتیاط برتیں‘۔
بھارت نے اپنے شہریوں اور طلبہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کینیڈا کے ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں حال ہی میں ہندوستانیوں کے خلاف پرتشدد واقعات پیش آئے ہیں۔ تاہم ان ہدایات کو رد کرتے ہوئے کینیڈا کا کہنا ہے کہ اس کے ہاں تمام افراد محفوظ اور ایسی احتیاطی تدابیر کی کوئی ضرورت نہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصے سے کینیڈا میں خالصتان کی حامی تنظیموں کی سرگرمیوں کی وجہ سے کینیڈا اور بھارت کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔ لیکن دوسری کینیڈا کا موقف ہے کہ وہ ہمیشہ آزادی اظہار، پرامن مظاہروں اور آزادی اظہار کا تحفظ کرے گا تاہم ٹروڈو نے ایک موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ چند افراد کے انفرادی اقدامات مجموعی طور پر کینیڈا کے معاشرے کی نمائندگی نہیں کرتے۔