مقبوضہ کشمیر میں رواں سال 3 ہزار سے زائد کشمیری گرفتار

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج، پولیس اور بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں نے رواں سال اب تک 3 ہزارسے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پولیس اورپیراملٹری فورسز کے علاوہ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں نے ان افراد کو محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا۔

بھارتی فورسز نے یہ گرفتاریاں سرینگر، بڈگام، گاندربل، بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، اسلام آباد، پلوامہ، کولگام، شوپیان، رام بن، راجوری، پونچھ، کشتواڑ، سانبہ اور ریاسی اضلاع کے مختلف علاقوں سے کی ہیں۔

گرفتارکیے گئے کشمیریوں میں حریت رہنما بلال صدیقی، فردوس احمد شاہ، شبیر احمد ڈار، جہانگیر غنی بٹ، مولانا سرجان برکاتی، سلیم ننھا جی، عمر عادل ڈار، سجاد گل اور محمد یاسین بٹ شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر پر پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ سمیت کالے قوانین لاگو کیے گئے ہیں۔

 

دریں اثنا بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے بارہمولہ، اسلام آباد، کشتواڑ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھیں اور لوگوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنایا۔

متعدد علاقوں کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے گھروں میں زبردستی گھس کر مکینوں کوہراساں کیا اور گھریلو سامان بھی توڑ پھوڑ دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp