کھلاڑیوں کے ورک لوڈ سے نمٹنے اور قومی ڈیوٹی کو ترجیح دینے کے لیے فعال حکمت عملی بنائیں گے، ذکاء اشرف

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ کی سابقہ انتظامیہ نے کئی کھلاڑیوں کو لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے رکھی تھی جس کی وجہ سے وہ قومی ذمہ داری ادا کرنے سے قبل ہی تھکاوٹ کا شکار ہوگئے, تاہم اب کھلاڑیوں کے ورک لوڈ سے نمٹنے اور قومی ڈیوٹی کو ترجیح دینے کے لیے فعال حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف بدھ کی شام ایک جائزہ اجلاس میں شریک ہوئے جس کی سربراہی قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹرمکی آرتھر کر رہے تھے۔  اس اجلاس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف، کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان اور سابق کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ نے بھی شرکت کی۔اس اجلاس میں  سری لنکا میں منعقدہ  ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاکستانی ٹیم کے مکمل کوچنگ اسٹاف کو مدعو کیا گیا تھا جس میں ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک اور بولنگ کوچ مورنے مورکل شامل تھے تاکہ وہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کرسکیں۔

اس جائزہ اجلاس میں  ڈاکٹر سہیل سلیم بھی شریک تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی انجریز اور ان کی بحالی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی کھلاڑیوں کی فٹنس اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور اس بات پر غور کیا گیا کہ ٹیم میں بہتری کیسے لائی جائے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کے ضمن میں بہتر حکمت عملی تیار کی جائے، اس کے علاوہ بینچ کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی بات کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ اس جائزے کا مقصد یہ تھا کہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں کھل کر اظہار رائے ہو اور اتفاق رائے پر پہنچا جائے۔ اس جائزے کا مقصد یہ ہے کہ کارکردگی کے بارے میں  ہر ایک کو اس میں شامل کیا جائے، مسائل کی نشاندہی کی جاسکے اور ان کا حل تلاش کیا جاسکے۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ ہم نے خوبیوں اور کمزوریوں پر بات کی ہے اور اس اس تمام بات چیت  سے یہ بات سامنے آئی کہ ہم اس بارے میں بالکل واضح ہیں کہ ٹیم کی بہتری کے لیے کہاں کیا کرنا ہے۔

ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ  یہ جائزہ سیشن مثبت انداز میں رہا اور سب ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ اعتماد ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کو سیکھنے کا موقع ملا ہے اور یہ ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں صلاحیت موجود ہے اور انہیں یقین ہے کہ  یہ ٹیم اعلیٰ سطح پر مقابلے کی اہلیت رکھتی ہے، ہمارے پاس ورلڈ کلاس بیٹرز اور بولرز موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو تمام ضروری سہولتیں اور وسائل  فراہم کررہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ٹیم اس میگا ایونٹ میں ٹاپ فارم میں نظر آئے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق جو گزشتہ روز میڈیکل ایمرجنسی کی بنا پر اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے تھے جمعرات کے روز انہوں نے ذکاء اشرف سے ملاقات کی اور اپنی رائے سے آگاہ کیا۔

اس جائزے کی تکمیل کے بعد انضمام الحق نے پاکستانی ٹیم کی سلیکشن کو حتمی شکل دے دی ہے اور آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعہ کی صبح 11:15 بجے کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp