نگران حکومت حکومت نے تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں ایسے کارکنان کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جو رضاکارانہ گرفتاری پیش کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس سمیت دیگرحکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کارکن اور رہنما قانون کے خلاف جائیں تو گرفتار کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں حکومت نے رضاکارانہ گرفتاری دینے والے کارکنوں کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نگران حکومت نے میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کے جیل حکام کو الرٹ رہنے اور امن و امان کی صورت حال کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات کی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل بھرنے کی تحریک شروع کرو تمہیں ایسا جواب دیں گے جو تمہارے گمان میں نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف جیل بھرو تحریک کا کہتا ہے اور خود بنکر میں چھپا بیٹھا ہے۔ ہم جیلوں میں ان کو رکھیں گے جو ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، ورکرز کو نہیں عمرانی ٹولے کے ان بدبختوں کو جیل میں رکھیں گے جو ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔