بی جے پی رہنما کی مسلمان رکن لوک سبھا کے بارے میں نفرت انگیز گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن رمیش بدھوری نے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں مسلمان رکن دانش علی کو سر عام برا بھلا کہتے ہوئے انہیں دہشتگرد قرار دے دیا۔

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری چاند مشن کے بارے میں بحث کے دوران بہوجن سماج پارٹی کے مسلمان رکن پارلیمنٹ دانش علی کے خلاف نسل پرستانہ جملے استعمال کیے۔

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری جمعرات کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں بات کر رہے تھے کہ اس دوران بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی نے بات کرنا چاہی جس پر رمیش بدھوری اپنا توازن  کھو بیٹھے اور دانش علی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے لگے۔

رمیش بدھوری نے دانش علی سے کہا کہ ’اوئے دہشتگرد، میں بتا رہا ہوں یہ دہشتگرد ہے، یہ ملاں دہشتگرد ہے، میں اس ملاں کو لوک سبھا کے باہر دیکھوں گا۔‘


متنازعہ بیان کو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کارروائی سے حذف کرا دیا اور رمیش بدھوری کو خبردار کیا کہ آئیندہ انہوں نے ایسا کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بھارت میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کی اتحادی جماعت مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر رمیش بدھوری کا یہ بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پی ایم مودی! کیا آپ نے اپنے ایم پی رمیش بدھوری کا یہ بیان سنا ہے؟ وہ ایک اور رکن پارلیمنٹ کو اس کے مذہب کی بنیاد پر اس طرح گالی دے رہے ہیں جو کہ یہاں نہیں لکھا جا سکتا۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ نے اس کے بارے میں سنا ہوگا‘۔

رمیش بدھوری کے بیان کا کچھ حصہ ایوان کی کارروائی سے حذف کردیا گیا۔ یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp