جنوبی افریقہ میں جاری ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دلچسپ مقابلہ کے بعد تین رنز سے ہرا دیا۔
ویسٹ انڈیز کی ہیلے میتھیوز اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کی بنا پر پلیئر آف دی میچ قرار دی گئیں۔ میچ کے فیصہ کن مرحلہ میں ان کی دو اہم وکٹیں پاکستان کو ممکنہ فتح سے دور رکھنے میں معاون ثابت ہوئیں۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو بظاہر ممکن نظر آنیوالا 117 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستانی ٹیم پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 113 رنز اسکور کرسکی۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں 33 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔ جب ہیلے میتھیوز 20 رنز بنا کر فاطمہ ثنا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئیں۔ سعدیہ اقبال نے ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ راشدہ ولیمز کو 30 رنز پر آؤٹ کر کے حاصل کی۔
چنیل ہینری زیادہ دیر پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکیں اور 11 رنز بنانے کے بعد انہیں ایمپائر نے ندا ڈار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا۔
شمین کیمپبیل 22 رنز بنانے کے بعد طوبی حسن کی گیند پر پویلین واپس گئیں۔ انیسیویں اوور میں ندا ڈار نے عالیہ ایلین کو نو رنز پر کلین بولڈ کر کے ویسٹ انڈیز کی آف اسپنر انیسہ محمد کا ٹی20 میچز میں 125 وکٹوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
میچ کے آخری اوور میں شبیکہ گجنابی 13 رنز بنا کر ناشرہ سندھو کے ہاتھوں آؤٹ ہوئیں۔
پاکستانی بولرز ندا ڈار نے دو، سعدیہ اقبال، فاطمہ ثنا، ناشرہ سندھو اور طوبی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
A dramatic final over isn’t enough for Pakistan.
It’s West Indies who triumph in a low-scoring match in Paarl.
📝: https://t.co/z2zxdS48wR#PAKvWI | #T20WorldCup | #TurnItUp pic.twitter.com/uhd7Mwn69g
— T20 World Cup (@T20WorldCup) February 19, 2023
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 117 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو پہلا دھچکا آئر لینڈ کیخلاف سینچری اسکور کرنے والی منیبہ اقبال کی وکٹ کی صورت میں پہنچا، جو صرف پانچ رنز بنا کر ہیلے میتھیوز کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
ان کے بعد ویسٹ انڈیزکی بولر کرشما ریمہیرک نے سدرہ امین کو آٹھ رنز کے اسکور پر کیچ آؤٹ کیا۔ 31 گیندوں پر 27 رنز کی نسبتاً جارحانہ اننگ کھیلنے کے بعد ندا ڈار ایفے فلیچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئیں۔
کپتان مصباح معروف کو بھی ہیلے میتھیوز نے پویلین واپس بھیجا۔ وہ 26 رنز بنا سکیں۔
اس موقع پر عالیہ ریاض نے ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن وہ بھی شمیلیا کونل کی گیند پر بولڈ ہو گئیں۔
ویسٹ انڈیز کی بولرز ہیلے میتھیوز نے دو، جبکہ کرشما ریمہیرک، ایفے فلیچر اور شمیلیا کونل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں اب تک تین میچز کھیلنے کے بعد پاکستان کی 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن ہے۔ اپنے پہلے میچ میں انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلا میچ شاندار طریقہ سے جیتا تھا۔