معروف امریکی رگبی کھلاڑی کو میچ کے دوران دل کے دورے کا سامنا، حالت نازک

منگل 3 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے معروف رگبی کھلاڑی ڈیمر ہیملن کوایک لیگ میچ کے دوران دل کے دورے کا سامنا ہوا اور اب ان کی حالت نازک ہے۔

یو ایس نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) کے ایک میچ کے دوران بفیلو بلز سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ ڈیمر ہیملن سنسناٹی بینگلز سے تعلق رکھنے والے ایک کھلاڑی سے ٹکرانے کے بعد زمین پر گرگئے تھے۔

انہیں اسپتال منتقل کرنے سے قبل 30 منٹ تک میدان میں ہی طبی امداد دی گئی۔

اس واقعے کے ایک گھنٹے بعد رگبی میچ کو معطل کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں بفیلو بلز کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ڈیمر ہیملن کی حرکت قلب تھم (کارڈک اریسٹ) گئی تھی جسے میدان میں بحال کیا گیا۔

اس واقعے کے بعد ڈیمر ہیملن کے لیے چند گھنٹوں میں 30 لاکھ ڈالرز کے عطیات جمع کیے گئے۔

مخالف کھلاڑی نے ڈیمر ہیملن کو روکنے کے لیے سر سے سینے پر ٹکر ماری تھی جس کے بعد وہ پہلے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے اور پھر زمین پر ڈھیر ہوگئے۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ڈیمر ہیملن کے گرد جمع ہوگئے جبکہ طبی عملے کی جانب سے ایمرجنسی امداد فراہم کی گئی۔

اس موقع پر ٹی وی کوریج کو روک دیا گیا تھا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود ہجوم پر سکتہ طاری ہوگیا تھا۔

این ایف ایل پلیئرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور اس وقت بس ڈیمر ہیملن کی صحت ہی اہمیت رکھتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp