یکم اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق خوشخبری سنائیں گے: نگراں وزیر تجارت

ہفتہ 23 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے، یکم اکتوبر کو خوشخبری سنائیں گے۔ مہنگائی میں اضافے کی وجہ ڈالر کی قیمت کا اوپر جانا ہے۔

کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہاکہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے کرنسی اپنی جگہ پر آ گئی ہے، غیرقانونی طور پر ڈالر باہر بھیجنے والوں کو روکنے سے بہتری آئی۔

وزیر تجارت نے کہاکہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ صنعت اور تجارت کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور اگلے 10 سال میں کوئی بھی ملک پاکستان کی رفتار سے ترقی نہیں کرے گا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بہت جلد ڈالر 250 روپے کی سطح پر آ جائے گا۔ مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں ہر 15 روز کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے، اور اوگرا کی سفارش پر وزارت خزانہ پیٹرول کی قیمت میں کمی یا اضافے کا فیصلہ کرتی ہے۔

اس وقت میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کا نیا طوفان امڈ آیا ہے، کرایوں میں اضافے سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp