بنگلہ دیش کا نیوزی لینڈ کے خلاف ’منکڈ‘: ’ہر کوئی روی ایشوین اور فضل حق فاروقی نہیں ہوتا‘

ہفتہ 23 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ دوسرے ایک روزہ  میچ میں فاسٹ بولر حسن محمود نے ایش سوڈھی کو ’مینکڈ‘ کیا، تھرڈ امپائر نے ایش سوڈھی کو رن آؤٹ قرار دے دیا۔ بنگلہ دیشی کپتان  لٹن داس نے پویلین  جاتے جاتے ایش سوڈھی  کو واپس بلا لیا۔ ایش سوڈھی نے حسن محمود کو گلے لگالیا، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کےدرمیان دوسرا ایک روزہ میچ جاری ہے۔

بنگال ٹائیگرز کی ’اسپورٹس مین شپ‘ کی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ سابقہ ٹوئٹر اور موجودہ ’ایکس‘ پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔

اسپورٹس صحافی فرید خان نے ایکس پر بنگال ٹائیگرز کے اس عمل کی تعریف کرتے ہوئے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ اسپورٹس مین شپ کے حقیقی مناظر ہیں۔

اس موقع پر کچھ صارفین نے بھارتی سپن بولر روی ایشوین اور افغانی فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کو یاد کر لیا۔ حسن نامی ایکس صارف نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ہر کوئی ایشوین اور فاروقی جیسا نہیں ہوتا۔

سلمان حسن نے بنگلہ دیشی کپتان لٹن ساس کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ لٹن داس کا یہ اقدام قابل تعریف و ستائش ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں میچ کے دوران پیش آنے والے مناظر کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے ان مناظر کی تصاویر اپنے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے ساتھ ’دل والا ایموجی‘ بنا دیا۔

ایک بنگلہ دیشی ’ایکس‘ صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کیا آپ کو اپنے آنکھوں دیکھے پر یقین آرہا ہے؟ بنگلہ دیش نے بہترین اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا ہے۔

ایک اور بنگلہ دیشی ایکس صارف نے ایش سوڈھی کے حسن محمود کو گلے لگانے کے مناظر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ دنیائے کرکٹ میں آج کے دن کی سب سے بہترین تصویر ہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ان دنوں بنگلہ دیش کے دورے پر ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ اس وقت میرپور میں جاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp