’گھر سے غائب 2 سالہ بچی جنگل میں کتوں کے ساتھ سوتے ہوئے ملی‘

ہفتہ 23 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست مشی گن کے علاقے اپر پینن سولا میں پولیس کی اس وقت دوڑیں لگ گئیں جب انہیں بدھ کی رات 8 بجے ایک کال موصول ہوئی اور بتایا گیا کہ ایک 2 سالہ بچی کئی گھنٹے سے اپنے گھر سے غائب ہے جبکہ 2 پالتو کتے بھی اس کے ہمراہ ہیں۔

رپورٹ کال موصول ہونے کے بعد مشی گن اور وسکونسن پولیس نے قریبی علاقوں کے رہائشیوں کے ساتھ مل کر بچی کو تلاش کرنے کا آپریشن شروع کیا۔ پولیس نے اس آپریشن کے لیے ڈرونز اور کتوں کا بھی استعمال کیا۔

آدھی رات کو اس بچی کے گھر سے 3 میل دور جنگل میں ایک شہری نے کال کر کے بتایا کہ اس نے بچی کو ڈھونڈ لیا ہے۔ جب پولیس اس مقام پر پہنچی تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ بچی اپنے ایک پالتو کتے کو تکیہ بنائے سو رہی ہے جبکہ دوسرا کتا اس کے ساتھ لیٹا رکھوالی کر رہا ہے۔

پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ طبی عملے نے بچی کا معائنہ کرنے کے بعد اسے مکمل تندرست قرار دیا تھا۔ جنگل میں گم ہونے والی اس بچی کا نام تھییا تھا۔ اس کی والدہ بروک چیز نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو کال کرنے سے قبل انہوں نے اپنی بیٹی کو خود تلاش کرنے کی کوشش کی تھی۔

چیز نے بتایا کہ انہوں نے تھییا کو گھر کے ارد گرد، سڑک پر تلاش کیا، مسلسل اس کا اور کتوں کا نام پکارا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جس مقام پر تھییا سوتے پائی گئی تھی وہ گھنا جنگل ہے اور وہاں پر دلدلی زمین بھی ہے، انہیں یہ سوچ کر ہی خوف آ رہا تھا، لہٰذا 15 منٹ بعد انہوں نے پولیس کو بلانے کا فیصلہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp