پشتون ثقافتی دن کیا ہے؟

ہفتہ 23 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی پشتون ثقافت کا عالمی دن جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اس روز کی مناسبت سے خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے، جس میں پشتون ثقافت سے جڑے مختلف رنگ دکھائی دیے۔ بچوں اور نوجوانوں نے ثقافتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے جبکہ نوجوان پگڑیاں پہن کر روایتی رقص کرتے دکھائی دیے۔

آج سے 6 سال قبل یعنی 2015 کو پشتو اکیڈمی کوئٹہ کے ایک ادبی سیمینار میں ثقافت کے موضوع کو زیر بحث لایا گیا جس میں باہمی فہم و تفہیم اور مشورے سے یہ دن پشتون ثقافت کے لیے طے کر دیا گیا یعنی 23 ستمبر 2015 سے یہ دن پشتون ثقافتی دن کے نام سے منسوب ہونا شروع ہو گیا اور اس روز ہمارے پشتون بہن بھائی پشتو کے مخصوص لباس زیب تن کرتے ہیں، ساتھ ہی مختلف تقریبات کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

کسی قوم یا خطے میں رہنے والے لوگوں کی مادی اور غیر مادی اشیا کے مجموعے کو ثقافت کا نام دیا گیا ہے۔ ثقافت کا قیام شعوری جدوجہد سے نہیں بلکہ اس کے ارتقا میں فطری عمل کا دخل ہے جس کے لیے زمانہ اور عرصہ درکار ہیں، اور ہاں اسی طرح زمانے کے ارتقا ہی کی وجہ سے لباس اور رہن سہن کے طورطریقوں میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔

ثقافت کی دنیا میں لباس اور طرز زندگی یعنی رہن سہن کو اہمیت حاصل ہے کیونکہ ایتھنولوجی میں یہ بات مذکور ہے کہ ثقافت مرئی اور ثقافت غیر مرئی دونوں ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتی ہیں گویا کہ ایتھنولوجین کا یہ اندازہ ہے کہ ثقافت غیر مرئی ثقافت مرئی سے ہی ماخوذ ہوتی ہے کیونکہ مرئی ثقافت جس معیار کی ہو گی غیر مرئی بھی وہی معیار اختیار کرے گی۔

تو یہ بات ہم بلا جھجک کہہ سکتے ہیں کہ پشتون ثقافت میں جن چیزوں کو مرئی مقام حاصل ہے یعنی عورتوں کا مخصوص قسم کا لباس پہننا، حجرے کا قیام، اچھی غذا خصوصاً ثرید اور لاندئی کا گوشت، مردوں کا واسکٹ پہننا اور سر پر پگڑی باندھنا جس کو پشتو میں لونگئی کہا جاتا ہے، ان ساری چیزوں میں وہ چیز بذات خود موجود ہے جو ہمیں خوش اخلاقی، مہمان نوازی، وفاداری، خدا پرستی اور غیرت اختیار کرنے پر ابھارتی ہے۔

پشتونوں کے ادبا اور شعرا یعنی خوشحال خان بابا، رحمان بابا اور باچا خان بابا اسی طرح مزید پیچھے جائیں تو قیس عبد الرشید جیسے لوگوں نے پشتون اور پشتو زبان کو یہ شہرت اور عزت بخشی۔

آج کے دن کی مناسبت سے گورنر و نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پشتون کلچر ڈے پر اپنے خصوصی پیغامات بھی جاری کیے جن میں بلوچستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں مقیم پشتون برادری کو مبارکباد پیش کی گئی۔

قوم اور کلچر کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہے، گورنر بلوچستان

گورنر بلوچستان عبدالولی خان کے جاری کردہ بیان کے مطابق قوم اور ’کلتور‘ کے درمیان ایک مضبوط باہمی رشتہ قائم ہے۔ کلتور یا کلچر ایک مخصوص جغرافیہ میں معاشرتی زندگی کی مجموعی رنگارنگی اور خوبصورتی کا نام ہے۔ کلچر دراصل اجتماعی طرز زندگی گزارنے کا نام ہے، دیرینہ روایات اور شاندار اقدار کا مجموعہ ہے۔ ثقافت ایک تاریخی تسلسل ہے جس کے ذریعے ہمارا ماضی اور حال جڑا ہوا ہے جس کی بنیاد پر ہم اپنے مستقبل کا رخ متعین کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ ارتقا اور ترقی کا سفر جیسے جیسے آگے بڑھتا ہے تو ماضی کی کئی چیزیں قصہ پارینہ بن جاتی ہیں اور انسان بدلے ہوئے نئے حالات، انسانی ضروریات اور وقت کے تقاضوں کے مطابق نئی اقدار اور اشیا کو اختیار کرتے ہیں، چونکہ بھائی چارہ، بردباری، ترقی پسندی اور انسان دوستی قومی کلچر کی مضبوط مشترکہ قدریں ہیں جنہیں برقرار رکھنے اور انھیں جدید عہد کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے۔

ہر قومی ثقافت کی روح اس کی مادری زبان ہے

گورنر نے کہاکہ ہر قومی ثقافت کی روح اس کی مادری زبان ہے، مادری زبان کی حقانیت ماں کی لازوال ممتا کی وجہ سے قائم و دائم ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کے چارٹر سے لے کر پاکستان کے 1973 کے آئین نے فراہم کی ہے۔

عبدالولی کاکڑ نے کہاکہ مادری زبان صرف اظہار یا باہمی رابطے کا وسیلہ نہیں بلکہ ایک نسل سے دوسری نسل کو وراثت کی منتقلی کا طویل سلسلہ ہے۔ پشتون ثقافت اپنے اندر ایک تخلیقی قوت رکھتی ہے، پشتون زبان و تاریخ کی ترقی و ترویج میں اہل علم و سیاست کی گرانقدر خدمات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تمام اہل فکر و قلم پشتون کلچر کے تعمیری اور مترقی اقدار اور روایات سے استفادہ کرتے ہوئے معاشرے کو امن، انسان دوستی، ہم آہنگی، بھائی چارے کی بنیاد پر آگے بڑھانے میں فعال کردار ادا کریں، دنیا گلوبل ویلیج کی شکل اختیار کر چکی ہے اور مختلف زبانوں اور تہذیبوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp