سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے منسوب ایک معافی نامہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں وہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق کے کمسن بچے کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اِس وقت جیل میں موجود تمام پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل خط میں عمران خان کی جانب سے 9 اور 10 مئی کے واقعات کی مذمت بھی کی گئی ہے اور آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ایکس‘ پر اس حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، کچھ لوگ اس کو درست قرار دے رہے ہیں جبکہ کئی لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان نے ایسا کوئی معافی نامہ جاری نہیں کیا۔
سوشل میڈیا ایکٹویسٹ سید کامران نقوی نے سادہ کاغذ پر تحریر مبینہ معافی نامہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان نے 9 مئی کے واقعات پر اداروں سے معافی مانگ لی ہے۔
بریکنگ نیوز🚨
عمران خان نے 9 مئی کے واقعے پر اداروں سے معافی مانگ لی، عمران خان نے جیل سے خط کے ذریعے افواج پاکستان اور قوم سے 9 مئی کے واقعے پر غلطی کا اظہار کرتے ہوے معافی کی درخواست کی ہے. اور اسیر کارکنان کی سزاؤں میں کمی کیلئے آرمی چیف سے درخواست کردی ہے. pic.twitter.com/kNeZG8BMP7
— Syed Kamran Naqvi (@SyedKamran_) September 23, 2023
صحافی عادل نظامی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں مبینہ معافی نامہ کی کاپی شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مبینہ معافی نامہ۔ تاحال کسی نے اصل ہونے کی تصدیق نہیں کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مبینہ معافی نامہ ۔۔۔۔ تاحال کسی نے اصل ہونے کی تصدیق نہیں کی pic.twitter.com/oQYnqSc7Pq
— Adil Nizami (@AdilNizami10) September 23, 2023
ایک اور صحافی طارق متین نے عمران خان سے منسوب خط کی تصویر اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اس کو جھوٹا قرار دیا ہے۔
پوری قوم کو صفدر سمجھنے والے کچھ اکاؤنٹس عمران خان کا معافی نامہ پھیلا رہے ہیں وہ یہ چاہتے ہیں کہ ہم یہ مان لیں کہ عمران خان نے اردو میں خط لکھا ہے اور اس میں لفظ مغموم اور رحلت بھی لکھا ہے
— Tariq Mateen (Imran Riaz Khan) (@tariqmateen) September 23, 2023
سوشل میڈیا ایکٹویسٹ ڈاکٹر فرحان ورک نے صحافی طارق متین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ وکلا سے لکھوایاگیا ہو، آپ کو تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹس سے تصدیق مانگنی چاہیے۔
ہوسکتا ہے کہ وکلا سے لکھوایا گیا ہو۔ آپ کو تحریک انصاف کے آفیشل اکاونٹس سے تصدیق مانگنی چاہئے
— Dr Farhan K Virk (@FarhanKVirk) September 23, 2023
وی نیوز فیکٹ چیک:
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر رؤف حسن نے اس خط کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مخالفین کی جانب سے اسکو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پروپینگڈا قرار دیا ہے۔
عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے بھی اس خط کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ معافی کے حوالے سے چلنے والی خبر بلکل غلط ہے، ایسی کوئی بات نہیں یہ غلط خبر چلائی جا رہی ہے۔
معافی کے حوالے سے چلنے والی خبر بلکل غلط ایسی کوئی بات نہیں یہ غلط بات چلائی جا رہی ہے .کپتان اور عوام ڈت کے کھڑی ہے.یہ صرف پراپوگنڈے ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،یہ خواہش آپ کی خواہش ہی رہے گی. https://t.co/7IuGfpWRBL
— Naeem Haider Panjutha (@NaeemPanjuthaa) September 23, 2023
واضح رہے کہ عمران خان اس وقت سائفر کیس میں اٹک جیل میں قید ہیں جہاں ایف آئی اے کی جانب ان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ اس سے قبل توشہ خان کیس میں ان کو سنائی گئی سزا اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دی تھی۔