رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں بجلی کی پیداوار میں 9.2 فیصد شرح نمو ریکارڈ

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں بجلی کی پیداوار میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 9.2 فیصد کی شرح نمو ریکارڈ کی گئی، جولائی اور اگست میں ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 30 ہزار 799 گیگا واٹ آوورز ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.2 فیصد زیادہ ہے۔

نیپرا اور عارف حبیب ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ملک میں 28 ہزار 203 گیگا واٹ آوورز بجلی کی پیداوار ہوئی تھی۔ اگست میں ملک میں 15 ہزار 959 گیگا واٹ آوورز بجلی کی پیداوار ہوئی جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 13.6 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال اگست میں ملک میں 14053 گیگا واٹ آوورز بجلی کی پیداوارحاصل ہوئی تھی۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں ملک میں بجلی کی پیداوارمیں ماہانہ بنیادوں پر7.5 فیصد کی نمو ہوئی۔ جولائی میں ملک میں 14 ہزار 839 گیگا واٹ آوورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو اگست میں بڑھ کر15 ہزار 959  گیگا واٹ آوورز ہوگئی۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پانی سے 11 ہزار 524 گیگا واٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 11.6 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پن بجلی کی پیداوار کا حجم 10 ہزار 331 گیگا واٹ آوورز ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح آر ایل این جی سے جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں 5 ہزار 659 گیگا واٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40.6 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں آر ایل این جی سے 3875 گیگا واٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی تھی۔ کوئلے سے جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں 4537 گیگا واٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.4 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کوئلے سے 3965 گیگا واٹ آوورزبجلی حاصل ہوئی تھی۔ نیوکلیئرذرائع سے جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں 4147 گیگا واٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3884 گیگا واٹ آوورز کے مقابلے میں 6.8 فیصد زیادہ ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں گیس سے 2343 گیگاواٹ آوورز، ہوا سے 1354 گیگاواٹ آوورز، فرنس آئل سے 944 گیگا واٹ آوورز اورشمسی 159 گیگا واٹ آوورز بجلی حاصل کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp