یوٹیوب کی مصنوعی ذہانت پر مشتمل نئی ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ، کب لانچ ہوگی؟

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مشتمل یوٹیوب کری ایٹ کے نام سے ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ لانچ کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے ذریعے صارفین ویڈیوز میں آٹو کیپشن، بیک گراؤند میوزک، فلٹر، ایفیکٹس، ٹرانزیشن، اور وائس اوور وغیرہ ایک اشارے پر شامل کر سکیں گے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیگر سوشل میڈیا ایپس کی طرز پر یوٹیوب نے بھی مصنوعی ذہانت پر مبنی ایڈیٹنگ ایپ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو یوٹیوب شارٹس اور عام ویڈیوز کی ایڈیٹنگ میں صارفین کو مدد فراہم کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق ویڈیو پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے مقابلے میں یوٹیوب شارٹس کے لیے ڈب کردہ ڈریم اسکرین کا ایک نیا ٹول بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جو صارفین کو ورٹیکل ویڈیوز میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے بیک گراؤنڈ تصویر شامل کرنے میں آسانی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ یوٹیوب طویل ویڈیوز بنانے میں مدد کے لیے نئے ٹولز بھی لانچ کررہا ہے۔

یوٹیوب کے نائب صدر ٹونی ریڈ کے مطابق ایپ میں مختلف خصوصیات کے ساتھ ساتھ بیٹ میچنگ ٹیکنالوجی اور رائلٹی فری میوزک کی لائبریری تک رسائی شامل ہے۔ ایپ کا مقصد ہے کہ صارفین کو اپنی یوٹیوب ویڈیوز کے لیے پیچیدہ ایڈیٹنگ سافٹ ویئرز یا ٹولز پر انحصار نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ویڈیوز کی تیاری کا عمل مشکل ہوتا ہے، اور اکثر تخلیق کار اسی وجہ سے یوٹیوب ویڈیوز بنانے سے گریز کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یوٹیوب اس عمل کو آسان بنانے کے لیے ایک نئی اور مفت ایپ متعارف کرا رہا ہے جسے یوٹیوب کریٹ کہا جائے گا۔

ان کے مطابق یہ ایپ صارفین کو ان چیزوں پر زیادہ توانائی خرچ کرنے کی اجازت دے گی جو انہیں تخلیقی طور پر فائدہ مند معلوم ہوتی ہیں۔ لہذا تخلیق کاروں کو اب پیچیدہ ایڈیٹنگ سافٹ ویئر پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے مذکورہ بالا ایپ جلد ہی اس سال کے آخر میں محدود مارکیٹوں میں دستیاب ہوگی جس میں سب سے پہلے امریکا اور اس کے بعد برطانیہ اور یورپ میں دستیاب ہوگی۔ جسے آہستہ آہستہ دوسرے ممالک میں بھی منتقل کر دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایپ بیٹا ورژن میں ہوگی تاکہ ایپ کو مزید بہتر بنانے کے لیے صارفین کی رائے اور تاثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp