پاکستان کا قرض اتارنے کے لیے اشرافیہ کے اثاثے بیچے جائیں، سراج الحق

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کا قرض اتارنے کے لیے اشرافیہ کے اثاثے بیچ دینے چاہییں۔

کوئٹہ میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کی 7 دہائیاں گزرنے کے باوجود انگریز کا قانون آج بھی موجود ہے، مہنگائی کے باعث 25 کروڑ عوام کے لیے گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے۔

سراج الحق نے کہا ہے کہ آٹا، چینی، دال سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ایسے اضافہ کیا گیا ہے جیسے یہ چاند سے لے کر آتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت چاند پر کامیاب لینڈنگ کے بعد اب سورج کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن ہم ابھی تک آٹے اور چینی کے لیے سڑکوں پر ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی کے خلاف ہماری یہ تحریک ظلم اور جبر کے خلاف جہاد ہے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں سے قرضے حکمرانوں نے لیے اور واپس عوام کو کرنے پڑ رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پاکستان میں سستی بجلی پیدا کر کے عوام کو دی جا سکتی ہے مگر یہاں مہنگے تیل سے مہنگی بجلی پیدا کی جاتی ہے جس کی وجہ سے بل بھی زیادہ آ رہے ہیں۔ یہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سال میں ایک بار بجٹ پیش کیا جاتا ہے لیکن پاکستان واحد ملک ہے جہاں سال کے 365 روز بجٹ پیش ہوتا رہتا ہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، اس سے قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور اور پشاور میں احتجاجی دھرنوں سے خطاب کیا تھا۔

اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر کچھ روز قبل عوام نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے گاڑیاں سڑک پر ہی پارک کر دی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp