سندھ پولیس نے سابق سیکرٹری پنجاب محمد خان بھٹی کی گمشدگی سے لا تعلقی ظاہر کر دی ہے۔
نمائندہ وی نیوز کے مطابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور دیگر کی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی، درخواست محمد خان بھٹی کےداماد عمرافتخار بھٹی ایڈووکیٹ نے دائر کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابق سیکرٹری پنجاب محمد خان بھٹی 6 فروری کو مٹیاری کے قریب سے غائب ہوئے، اندیشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کو حکومتی اداروں نے گرفتار کیا ہے۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ محمد خان بھٹی پر تشدد کا اندیشہ ہے،عدالت میں فوری پیش کرنے کا حکم دیا جائے، سندھ پولیس کو محمد خان بھٹی کو تلاش کرنے کا پابند کیا جائے۔
سندھ پولیس نے عدالت میں اپنا جواب جمع کرا دیا، جواب میں سندھ پولیس نے کہا ہے کہ محمد خان بھٹی اور انکے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، محمد خان بھٹی سندھ کے کسی بھی تھانےمیں زیر حراست نہیں ہیں۔
وفاقی حکومت نے جواب جمع کرانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے مہلت مانگ لی، عدالت نے وفاقی حکومت سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا، رینجرز پراسیکیوٹر نے بھی جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں خبر آئی تھی کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو کراچی سے حراست میں لیا گیا ہے، سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ محمد خان بھٹی کو لا پتہ کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے : محمد خان بھٹی کا معاملہ مسنگ پرسن کا کیس بن چکا، چوہدری پرویز الہٰی