جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر ازخود نوٹس لیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ نگراں حکومت بجلی کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے اور آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو منسوخ کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو اگلا پڑاؤ اسلام آباد میں ہو گا۔
مزید پڑھیں
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ مہنگائی کے خلاف ہماری ملک گیر احتجاجی تحریک جاری ہے، ہم نے پشاور اور لاہور میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دیے۔ ہمارا اگلا دھرنا گورنر ہاؤس کراچی کے باہر ہو گا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈبونے کے لیے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف ایک پیج پر ہیں، اس وقت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ایک کروڑ نوکریوں اور دیگر نعروں کے ساتھ حکومت میں آئی مگر کچھ نا کر سکی، اسی طرح پی ڈی ایم حکومت نے بھی اپنے کیسز ختم کروائے اور یہ بھی چلتے بنے۔
سراج الحق نے کہاکہ بجلی کے بل زیادہ آنے کی وجہ سے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ہم مہنگائی کے خلاف احتجاج اور دھرنوں کے لیے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن، اسٹیبلشمنٹ اور عدالت عظمیٰ کو غیر جانبدار ہونا پڑے گا۔ الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے لیے واضح تاریخ کا اعلان کرے۔