نواز شریف کی وطن واپسی: ن لیگ نے کامیاب استقبالیہ کے لیے رہنماؤں کو ذمہ داریاں تفویض کر دیں

پیر 25 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے 21 اکتوبر کو قائد ن لیگ میاں نواز شریف کے استقبال کے لیے مرکزی رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی واپسی پر کامیاب استقبالیہ کے لیے ڈویژنز لیول پر کوآرڈینیٹرز نامزد کر دیے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے لیے خواجہ سعد رفیق کو ڈویژنل کوآرڈینیٹرنامزد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ گوجرانوالہ کے لیے ملک احمد خان، سرگودھا ڈویژن کے لیے احسن اقبال جبکہ فیصل آباد ڈویژن کے لیے خرم دستگیر کو کوآرڈینیٹرز نامزد کیا گیا ہے۔

ساہیوال کے لیے میاں جاوید لطیف، ملتان کے لیے سرداراویس خان لغاری اور بہاولپور کے لیے سردار ایاز صادق کو نامزد کر دیا گیا۔

ڈی جی خان ڈویژن کے لیے طلال چوہدری جبکہ سعود مجید کو لاہور ڈویژن کا کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا ہے۔

بیرون ملک موجود پارٹی رہنما 3 روز میں وطن پہنچیں، راناثنااللہ کی ہدایت

دوسری جانب صدر پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثنااللہ نے مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز جو اس وقت بیرون ملک میں موجود ہیں کو ہدایت کی ہے کہ 3 روز کے اندر وطن واپس پہنچیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز، ٹکٹ ہولڈرز اور مقامی رہنما اپنی مکمل توجہ اور محنت قائد مسلم لیگ ن کے پاکستان میں استقبال کی تیاریوں میں صرف کریں۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام پارٹی رہنما 21 اکتوبر سے پہلے بیرون ملک سفر سے گریز کریں۔

راناثنااللہ نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن سے لندن میں ملاقات کے لیے تشریف لے جانے کے خواہشمند بھی فی الوقت اپنے پروگرام کو منسوخ کر کے اپنے حلقوں میں موجود رہیں اور استقبال کی تیاریاں کریں۔

صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے کہاکہ 18 ستمبر کو ہونے والے تنظیمی اجلاس میں دی گئی ذمہ داریوں کو مکمل کرکے اس کی رپورٹ صدر پنجاب اور پارٹی آفس کو ارسال کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp