جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد 5 خواتین کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

منگل 26 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد 5 خواتین کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد صنم جاوید، روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ ان ملزمان سے متعلق کوئی خاص کردار منسوب نہیں کیا گیا، صنم جاوید سوشل ایکٹوسٹ ہے، ہوسکتا وہ احتجاج کو کور کرنے گئی ہو۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صنم جاوید جب سے گرفتار ہیں وہ جیل میں ہیں، دہشت گردی قوانین کے مطابق چالان مخصوص وقت میں جمع ہونا چاہیے جو جمع نہیں کرایا گیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ صنم جاوید کا کردار شریک ملزمان سے مختلف ہے، یہ معاملہ مزید انکوئری کا مطالبہ کرتا ہے، عدالت ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیتی ہے۔

جن ملزمان کی ضمانت منظور کی گئی ہے ان میں صنم جاوید، شاہ بانو، افشاں طارق، روبینہ جمیل اور آشیما شجاع شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران ملک کی اہم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا تھا جس کی پاداش میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں، صنم جاوید و دیگر پر الزام ہے کہ انہوں نے جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔

دوسری جانب 9 مئی واقعات کے بعد سول و عسکری قیادت نے مشترکہ فیصلہ کیا تھا کہ 9 مئی کے ملزمان کو معافی نہیں ملے گی، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے جبکہ سول املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انسداد دہشتگردی عدالتوں میں مقدمات درج ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp