پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ سینٹرل کانٹریکٹ کے حوالے سے کرکٹ بورڈ سے مذاکرات جاری ہیں، جلد اچھی خبر ملے گی۔ پی سی بی کھلاڑیوں کے بارے میں ہمیشہ اچھا سوچتا ہے اور اس بار بھی اچھا ہی ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں، قوم سے بھی درخواست ہے کہ ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کی کنڈیشنز قریباً ایک جیسی ہیں، اکثر کھلاڑی وہاں پہلے نہیں کھیلے لیکن ہم نے سینئر کھلاڑیوں سے مشورہ لیا ہے، اس لیے ٹیم پر اس حوالے سے کوئی پریشر نہیں۔ ان شا اللہ کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ جیت کر آئیں۔
ایشیا کپ میں جو غلطیاں ہوئیں، ان سے سیکھا ہے کوشش ہوگی کہ آئندہ وہ غلطیاں نہ دھرائی جائیں۔ ہر میچ سے پہلے کنڈیشنز کے مطابق بیسٹ ٹیم میدان میں اتاریں گے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کو بہت مِس کریں گے، شاہین اور نسیم کی جوڑی شاندار تھی، بہت مشکل فیصلہ تھا، حسن علی کو تجربے اور کارکردگی کی وجہ سے منتخب کیا گیا، کمبینیشن میچ ٹو میچ بنایا جائے گا۔
ٹیم کے 8 سے 9 کھلاڑی 2019 سے اکٹھے کھیل رہے ہیں، آپ کو جن پر یقین ہوتا ہے، آپ ان کو لیکر چلتے ہیں۔ ایشیا کپ میں اچھا رزلٹ نہیں دے سکے لیکن یہی ٹیم بہت اچھا بھی کرتی رہی ہے۔ اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، ان شا اللہ ورلڈ کپ میں بہت اچھا کرکے بھی دکھائیں گے۔
بابراعظم کا کہنا تھا یہ تاثر غلط ہے کہ ہمارا ایک میچ پر ہی فوکس ہے، اس کے علاوہ بھی 9 میچ ہیں۔ تمام میچ جیتیں گے تو ورلڈ کپ جیتیں گے۔ ہمارا فوکس تو 2 وارم اپ میچز پر بھی ہوگا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ویزے کے مسائل کی وجہ سے پاکستانی شائقین کو یقیناً مس کریں گے لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ کرکٹ پرستار پاکستان ٹیم کے تمام میچز کے ٹکٹ خرید چکے ہیں، اسٹیڈیم مکمل بک ہو چکے ہیں۔
ایک صحافی نے کپتان سے سوال پوچھا کہ آپ کی سب عزت کرتے ہیں، افتخاراحمد بھی بڑا بھائی کہتے ہیں، گزشتہ دنوں خبریں تھیں کہ آپ میں اور شاہین میں ڈریسنگ روم میں کوئی بات ہوئی ہے، تو شاہین آپ کی کتنی عزت کرتے ہیں؟ اس پر کپتان نے کہا کہ ’عزت تو سب ہی کرتے ہیں، جب کوئی میچ قریب جاکر ہاریں تو تھوڑی بہت میٹنگ میں چیزیں چلتی ہیں، اسے یہ پہلو دینا کہ لڑائی ہوگئی یہ غلط ہے، ہم ایک دوسرے کو اتنا ہی پیار کرتے ہیں جتنا فیملی سے کرتے ہیں۔‘
اس موقع پر کرکٹ بورڈ آفیشل نے اعلان کیا کہ آج رات ساڑھے 3 بجے ٹیم دبئی روانہ ہوگی، وہاں 9 گھنٹے قیام کے بعد بھارت کے لیے روانہ ہوگی جہاں مقامی وقت کے مطابق ٹیم رات 8 بجے حیدر آباد میں لینڈ کرے گی۔