قومی ہاکی ٹیم نے بنگلہ دیش کوایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے میچ میں 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق چین کے شہر ہانگ ژو میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے جس نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے دوسرے پول میچ میں بھی فتح حاصل کرلی۔
قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیل کے 19ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کرکے برتری حاصل کی گئی جس کا خاتمہ پاکستان کی جانب سے کھیل کے 30و یں منٹ میں افراز نے فیلڈ گول کرکے کیا۔ کھیل کے 40 ویں منٹ میں پاکستان کے رائٹ اسٹرائیکر شاہ زیب خان نے فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان کی برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 43 ویں منٹ میں پاکستان کے لیفٹ اسٹرائیکر محمد عماد نے پاکستان کی جانب سے تیسرا گول اسکور کیا۔
بنگلہ دیش نے کھیل کے 46ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کرکے خسارے کو کم کیا۔ ڈریگ فلکر سفیان خان نے کھیل کے 48 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر تیزرفتار ڈریگ فلک کے ذریعے گول اسکور کرکے پاکستان کی جانب سے چوتھا گول کردیا۔
کھیل کے 57 ویں منٹ میں پاکستان کے ڈریگ فلک سپیشلسٹ ارباز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے تیز رفتار ڈریگ فلک لگا کر پاکستان کی جانب سے پانچواں گول اسکور کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم 28 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف اپنا تیسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کھیلے گی۔
ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو 2 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا، ملائشیا، چین ، اومان ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی کا حصہ ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم اپنے پول میں 2 میچوں میں مجموعی طور پر 16 گول اسکور کرچکی ہے۔ اتوار کو اپنے پہلے میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے سنگاپور کے خلاف 11 گول کیے تھے جب کہ مخالف ٹیم ایک بھی گول کرنے سے قاصر رہی تھی۔