لیاری گینگ وار کا کارندہ رہائی کے فوراً بعد تاجروں سے بھتہ لینے لگا، پولیس نے دھر لیا

بدھ 27 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بدنامہ زمانہ لیاری گینگ وار کے کارندے نے جیل سے رہا ہوتے ہی تاجروں سے بھتہ لینا شروع کر دیا، پولیس نے بھی دوبارہ دھر لیا۔

کراچی نیپئر تھانے کی حدود میں پولیس نے تاجر حضرات سے بھتہ طلب کرنے والا ملزم کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزم سے 1 پستول مع راؤنڈز برآمد ہوا ہے، ملزم پہلے بھی دہشتگردی اور پولیس مقابلوں کے مقدمات میں ملوث رہا ہے.

گرفتار ملزم کی شناخت عمران عرف ترانی کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار تاجو گروپ سے ہے۔

ملزم حال ہی میں، 13 ستمبر کو جیل سے رہا ہوا تھا، ملزم نے رہا ہوتے ہی ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں سے بھتہ طلب کرنا شروع کردیا تھا۔ وہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں تاجر حضرات کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا تھا۔

پولیس نے خفیہ معلومات پر نیپئر کے علاقے میں چھاپہ مارا، جس پر ملزم نے فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ پر ملزم زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم کو برائے علاج و معالجہ سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، ملزم پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب بھی تھا، ملزم کے خلاف کریمنل ریکارڈ دیکھ کر مقدمات درج کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp