کوئٹہ کے ننھے ٹک ٹاکر ابوبکر نے ویڈیوز بنانا کیوں روک دیں؟

بدھ 27 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والا 5 سالہ ٹک ٹاکر ابوبکر ان دنوں سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے اس کی بنائی گئی ’ریلز‘ کچھ ہی لمحوں میں وائرل ہوجاتی ہیں، زیادہ تر ابوبکر کی ویڈیوز طنزو مزاح اور سماجی برائیوں کی روک تھام سے متعلق ہوتی ہیں جس میں ابوبکر کی اداکاری لوگوں کے دلوں کو خوب بھاتی ہے۔

مزید پڑھیں

صرف 9 ماہ کے عرصے میں ہی ابوبکر کے ٹک ٹاک پرفالورز کی تعداد 4ملین سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ابوبکر کے چاہنے والے لاکھوں میں ہیں، ابوبکر سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کے بعد اس سے پیسے بھی کمارہا ہے۔

ابو بکر کو اب ویڈیوز اور پروموشن سے ماہانہ لاکھوں روپے کی آمدن بھی ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے گھرانے نے ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کے ذریعے کمائی کو ہی اپنا ذریعہ معاش بنا لیا ہے۔ تاہم چند روز قبل پیش آنے والے واقعہ نے ابوبکر کو خوف اور ذہنی اضطراب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

ابو بکر گھر سے باہر گیا تو کچھ نوجوانوں نے اس کے بال کاٹ دیے، والد

ابوبکر کی ویڈیوز بنانے والے ان کے والد طور خان نے وی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل محلے کی ایک دکان پر ابوبکر سودا سلف لینے گیا جہاں چند نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے پر نا صرف ابوبکر کو برابھلا کہا بلکہ قینچی سے اس کے بال بھی کاٹ دیے جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا ہے۔

طور خان کے مطابق اس واقعہ کے بعد ابوبکر کو گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی اور کچھ عرصے کے لیے ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز بنانے سے منع کر دیا ہے۔

ہمارا معاشرہ ابھی تک سوشل میڈیا کی اہمیت کو نہیں سمجھ سکا

طور خان کہتے ہیں کہ ہمارا معاشرہ اب تک سوشل میڈیا کے استعمال اور اس کی اہمیت کو سمجھ نہیں پارہا جبکہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں تو اس کا استعمال معیوب سمجھا جاتا ہے۔ اس سے پہلے بھی لوگوں نے ابوبکر کے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے پر منفی رائے کا اظہار کیا تھا لیکن اب معاملہ انتہائی سنگین ہو گیا ہے۔

ابوبکر کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کو اہل خانہ کی جانب سے پولیس میں رپورٹ نہیں کیا گیا۔ طور خان بتاتے ہیں کہ پولیس سے کوئی امید نہیں کیونکہ پولیس بھی شاید سوشل میڈیا کے اس سلسلے کو سمجھنے سے قاصر ہے۔

ابوبکر اور اس جیسے کئی اور سوشل میڈیا اسٹارز نا صرف اپنا ٹیلنٹ لوگوں کو دکھا رہے ہیں بلکہ اس پلیٹ فارم کو ذریعہ معاش کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے، لیکن لوگوں میں شعور و آگہی نہ ہونے کے باعث ان جیسے نوجوانوں کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp