پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا آپس میں لڑ پڑے ہیں اور ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی ہے۔
شیر افضل مروت نے شعیب شاہین کو غدار قرار دے دیا
پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں شامل شیر افضل مروت نے شعیب شاہین کو غدار قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ واحد شخص ہے جو پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں غدار ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ شعیب شاہین نامی شخص اپریل 2023 کے آخری ہفتے میں ابھرا اور میں اسے بنی گالا میں انصاف لائرز فورم کے اجلاس میں دیکھ کر حیران رہ گیا۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ شعیب شاہین سروس ٹربیونل سے متعلق مقدمات نمٹاتے ہیں انہیں فوجداری قانون کی اے بی سی نہیں آتی۔ عمران خان کے خلاف درج ایک بھی فوجداری مقدمے میں وکیل نہ ہونے کے باوجود اس نے خود کو پی ٹی آئی چیئرمین کا وکیل ظاہر کرنا شروع کر دیا جو کہ ایک فراڈ تھا۔
شعیب شاہین نے قانونی جنگ میں ہمیں بہت نقصان پہنچایا، شیر افضل مروت
انہوں نے لکھا کہ ہماری پارٹی کی طاقتور خفیہ قوتوں نے شعیب شاہین کی حمایت کی۔ جب پی ٹی آئی کی تمام قیادت الیکٹرانک میڈیا پر بلیک لسٹ ہو چکی تھی تو وہ واحد شخص تھا جسے نہ روکا گیا اور نہ ہی بلیک لسٹ کیا گیا۔
شیر افضل مروت لکھتے ہیں کہ ملازمت اور خدمات کے معاملے کے وکیل ہونے کی وجہ سے وہ عمران خان کی قانونی ٹیم میں غیر متعلق تھے لیکن پارٹی میں موجود 2 افراد کی پشت پناہی کی وجہ سے ہر میٹنگ میں پہنچ جاتے تھے۔ بعض اوقات اس نے ہماری معلومات لیک کیں۔ ایک موقع پر اس نے میری جان خطرے میں ڈالی۔
شیر افضل مروت نے لکھا کہ اس شخص نے قانونی جنگ میں ہمیں بہت نقصان پہنچایا، یہ اب اپنے خفیہ دوستوں کے ذریعے مجھے نشانہ بنا سکتا ہے لیکن پی ٹی آئی کارکنوں کو اس کا اصل چہرہ دکھانا میں اپنا فرض سمجھتا ہوں۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ کہ میں کل عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں اپنی ٹوئٹ کے بارے میں آگاہ کروں گا۔
شعیب شاہین نے خود پر لگائے گئے الزامات رد کر دیے
دوسری جانب شعیب شاہین نے خود پر لگائے گئے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمانوں کی ٹیم میں شامل ہوں۔
شعیب شاہین نے کہا کہ میرا موقف ہی پی ٹی آئی کا موقف ہے، شیر افضل مروت جو کچھ کہہ رہے ہیں یہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔