’عمران خان کو گالیاں دینے پر سینیٹر افنان اللہ کی ٹریٹمنٹ بنتی تھی‘ شیر افضل مروت

جمعرات 28 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستان کے ایک  نجی ٹی وی ٹاک شو کے دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ اور تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔

اینکر پرسن جاوید چوہدری کے پروگرام ’کل تک‘ میں شیر افضل مروت نے ن لیگ کے سینیٹر افنان اللہ کو تھپڑ رسید کیا اور افنان اللہ نے پی ٹی آئی وکیل کو جواباً زمین پر گرایا اور مُکے برسائے اور لاتیں ماریں۔

بعد ازاں ٹیلی ویژن پروگرام میں شریک مہمان کو پیٹنے والے تحریک انصاف کے حامی اور عمران خان کے وکیل شہرافضل مروت نے اینکر پرسن وسیم بادامی کے ساتھ گفتگو میں لڑائی کا احوال بتایا تو کہا کہ ’عمران خان کو گالیاں دینے پر ان کی ٹریٹمنٹ بنتی تھی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ افنان اللہ نے عمران خان کو گالی دی جو مجھ سے برداشت نہیں ہوئی، مجھے گالی دیتے تو میں کنٹرول کر لیتا لیکن میں خان صاحب کا وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا مرید بھی ہوں۔ عمران خان کو گالی دینے اور یہودی ایجنٹ پکارنے پر میں نے ان کو تھپڑ مارا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ پٹھان ہیں اور پٹھان گالی کے جواب میں تھپڑ مارتے ہیں۔

لڑائی کی تصاویر وائرل ہونے پر سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر صارفین کی جانب سے ردِ عمل سامنے آیا کسی نے لڑائی پر تبصرہ کیا تو کوئی صحافی جاوید چوہدری پر تنقید کرتا نظر آیا۔

ایک صارف نے صحافی جاوید چوہدری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ جاوید چوہدری صرف ویووز کے چکر میں ہی پڑ چکے ہیں، مصالحہ نیوز اپنے ہی چینل پر ریلیز کر دی۔

صحافی مغیث علی نے فردوس عاشق اعوان اور قادر مندوخیل کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے ایک دوست نے واٹس ایپ پر یہ تصویر بھیج کر پوچھا یہ سارے مکے حکیم صاحب کے شو میں کیوں چلتے ہیں؟

سرفراز نثار لکھتے ہیں کہ سینیٹر افنان اللہ اور تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت کی لڑائی کی وجوہات جاوید چوہدری نے اپنی زبانی بتا دی ہیں کہ چند الفاظ سے شروعات ہوئی تو شیر افضل مروت نے ہاتھا پائی شروع کردی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ان سے دلیل سے بات نہیں ہوتی تو بد تہذیبی اور جہالت کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔ اس ویڈیو میں ایک وکیل کی بدمعاشی دیکھی جا سکتی ہے۔

فتح اللہ بخاری لکھتے ہیں کہ جو بھی خان کو گالی دے گا اس کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو آج رات شیر ​​افضل خان مروت کے ہاتھوں سینیٹر افنان اللہ کے ساتھ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس واقعے کا عینی شاہد تھا، جاوید چوہدری کے شو کی ریکارڈنگ کے دوران سینیٹر افنان اللہ نے شیر افضل صاحب کی موجودگی میں عمران خان کو گالیاں دینا شروع کر دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سینیٹر افنان اللہ کی ایک مہلک غلطی تھی کیونکہ اگلے ہی لمحے شیر افضل خان مروت کو کیمرے کے سامنے سینیٹر افنان اللہ کو مکے اور لاتیں مارتے ہوئے دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ جاوید چوہدری نے رات تقریباً 2 بجے اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں پی ٹی آئی وکیل شیر افضل مروت اور ن لیگ کے سینیٹر افنان اللہ کی لڑائی کی تصاویر جاری کیں اور کہا کہ ہمیں سمجھ ہی نہیں آئی کے اس معاملے کو کیسے کنٹرول کریں، سیٹ پر بہت ہنگامہ ہوا اور اس معاملے کو بہت مشکل سے کنٹرول کیا گیا۔

جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ آج رات 9بجے کی وی لاگ میں ویڈیوز جاری کریں گے جس میں وہ پوری تفصیلات بتائیں گے کہ کس کا قصور تھا اور کس نے کیا کیا؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp