سکرنڈ میں شہریوں کی ہلاکت پر سندھ بھر کے وکلا کا احتجاج، اعلٰی حکام سے نوٹس کا مطالبہ

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ سندھ کے شہر سکرنڈ کے کچے کے علاقے میں 2 روز قبل پولیس اور رینجرز کی کارروائی میں 3 افراد ہلاک ہوئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد لواحقین سمیت اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں۔

پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جس میں اہل علاقہ نے پولیس اور رینجرز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں3 رینجرز اہلکار زخمی ہوئے بعد ازاں  پولیس اور رینجرز کی جوابی کاروائی کے نتیجہ میں 3 افراد ہلاک اور 5 شدید زخمی ہوئے۔

علاقہ مکینوں نے موقف اختیار کیا کہ نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی گئی ہیں، اس واقعے کے بعد علاقہ مکین غم و غصے میں دکھائی دیے اور مختلف مقامات پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا۔

جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ آج سندھ بھر کی عدالتوں میں وکلاء نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

وکلا کا کہنا ہے کہ ماڑی جلبانی کے واقعے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کر رہے ہیں، رینجرز اور پولیس نے ماڑی جلبانی گاؤں کا گھیراؤ کیا، ایک غریب محنت کش کے گھر میں زبردستی داخل ہونے سے روکنے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید جبکہ بزرگ اور بچے فائرنگ سے زخمی ہوئے۔

وکلا کے مطابق اس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کرنے نہیں دی جا رہی ہے، گاؤں کے لاچار زخمیوں کے پاس ایمبولینس کے پیسے بھی نہیں تھے، عوامی نمائندے اور کمشنر بھی ان زخمیوں کے پاس نہیں پہنچے، مجبوراً کمزور لوگ نیشنل ہائی وے پر احتجاج پر بیٹھ گئے ہیں، ان کا مطالبہ صرف یہ تھا کہ ایف آئی آر درج کر لیں۔

وکلا کا مزید کہنا تھا کہ نگراں صوبائی وزیر داخلہ کہتے ہیں وہاں خود کش بمبار بیٹھے تھے، نگراں وزیر داخلہ صاحب نے متعلقہ تھانے میں روانگی کا اندراج کیوں نہیں کیا، جاں بحق ہونے والوں کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خبردار کررہے ہیں کہ یہ 80 اور90 کی دہائی نہیں ہے، یہ 2023 ہے آج ہر شخص کے پاس کیمرہ ہے، مائی جندو کی طرح پر امن جدوجہد سے انصاف لیں گے، ہم عہد کرتے ہیں جب تک  قاتلوں کو سزا نہ ملے گی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وکلا کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر تمام بار کونسل مفت قانونی امداد فراہم کرے گی، شام کو کراچی پریس کلب میں بھی احتجاج کریں گے۔

سکرنڈ واقعہ پر وکلا نے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیرِ داخلہ کی 3 رکنی کمیٹی پر اعتماد نہیں ہے۔ وزیر اعلٰی سندھ کوئی ایسا اقدام کریں کہ انصاف ہوتا نظر آئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp