میکسیکو میں رہنے والی سلویا میکیاس اپنے بیٹے سینٹیاگو کی 15ویں سالگرہ منانے کے لیے چپینک پارک پہنچی، جیسے ہی میز پر کھانا رکھا اور شروع کرنے لگیں کہ اچانک ایک ناپسندیدہ مہمان ان کی میز پر آپہنچا اور ان کا کھانا کھانے لگا، اسی دوران ماں نے اپنے بچے کے چہرے کو چھپاتے ہوئے ساکت رہنے کا کہا اور خود بھی ساکت ہو کر ریچھ سے محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔
ماں نے اپنے بیٹے کو ریچھ سے باحفاظت بچا لیا، جبکہ ریچھ ان سے ایک انچ کے فاصلے پر پڑا انہی کا کھانا کھاتا رہا۔ ماں نے سکون سے اپنے بیٹے کے چہرے کو ڈھانپے رکھا، دونوں ساکت رہے۔ ایسا کرنے پر ریچھ ان کا کھانا کھا کر چل دیا۔
سکائی نیوز کی خبر کے مطابق سلویا میکیاس میکسیکو میں مونٹیری کے مضافات میں چپینک پارک میں اپنے 15 سالہ بیٹے، سینٹیاگو کی سالگرہ منا رہی تھی کہ اچانک ایک ریچھ ان کی میز پر چڑھ گیا اور ان کا رکھا ہوا کھانا کھانے لگا۔
اس کے بعد ریچھ نے فرنچ فرائز، اینچیلاڈاس ٹیکو اور سالسا کھا لیا، جو ماں اپنے بیٹے کی سالگرہ کے لیے لائی تھی۔ سلویا میکیاس نے بہادری کے ساتھ بیٹے سینٹیاگو کو، جسے ڈاؤن سنڈروم بھی ہے، اپنی بانہوں میں کھینچ لیا۔ اپنے ہاتھوں سے اس کی آنکھوں کو ڈھانپ لیا، اور ریچھ کے کھانا کھانے تک نیچے دیکھتے ہوئے ساکت بیٹھی رہی۔
رپورٹ کے مطابق ماں نے بچے کو بچانے کے لیے عقل مندی سے کام لیا، اگر وہ ایسا نہ کرتی اور بیٹا سینٹیاگو خوفزدہ ہو جاتا تو معاملہ خراب ہو سکتا تھا۔ کیونکہ سلویا میکیاس نے ایک نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کا بیٹا جانوروں سے بہت ڈرتا ہے، بلی یا کتا، کوئی بھی جانور اسے بہت ڈراتا ہے۔
سلویا میکیاس نے کہاکہ اسی لیے انہوں نے بیٹے کی آنکھوں کو ڈھانپ لیا، کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ بیٹا ریچھ کو دیکھے اور چیخنے چلانے یا بھاگنے لگ جائے۔ وہ کہتی ہیں کہ مجھے ڈر تھا اگر وہ ڈر گیا تو چیخے گا اور اس طرح ریچھ بھی ڈرتے ہوئے رد عمل ظاہر کرے گا۔
سلویا نے بتایا کہ انہوں نے پہلے ریچھ کے ساتھ تصادم کے امکان کے بارے میں سوچا تھا لیکن پھر اچانک خیال آیا کہ تصادم کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ کیونکہ وہ پارک کے بارے میں جانتی ہیں حالانکہ عام طور پر ریچھ صبح یا شام کے وقت زیادہ نکلتے ہیں، دوپہر کے وقت نہیں آتے۔
انہوں نے بتایا کہ سینٹیاگو ساکت رہا، حالانکہ ریچھ ان کے بہت قریب تھا، انہوں نے اسے غراتے ہوئے سنا بھی اور اپنے بالکل پاس محسوس بھی کیا۔ لیکن وہ اور ان کا بیٹا ڈرنے کے باوجود ساکت رہے یہی وجہ ہے کہ وہاں سے بچ نکلے۔