عمران خان کی سالگرہ منائیں، نیکی بھی کمائیں، پی ٹی آئی کا سپورٹرز کو مشورہ

اتوار 1 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے سپورٹرز کو عمران خان کی سالگرہ کی تاریخ یاد کراتے ہوئے ان سے اس روز ’نیکی یا بھلائی کا کام‘ کرنے کی استدعا کی ہے۔

’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں پی ٹی آئی نے لکھا، ’چیئرمین عمران خان کی سالگرہ 5 اکتوبر کو آرہی ہے، چونکہ وہ احساس کرنے اور محروم طبقات کا خیال رکھنے پر یقین رکھتے ہیں لہٰذا آئیں عمران خان کے لیے نیکی کا کام کرنے کا ارادہ کریں‘۔

 اپنی پوسٹ میں پی ٹی آئی نے اپنے سپورٹرز سے نیکی کے کاموں سے متعلق نئے آئیڈیاز شیئر کرنے کی استدعا بھی کی اور کہا، ’5 اکتوبر کو ہم عمران خان کی سالگرہ منانے کے لیے اپنی کوششوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی پوسٹ کر سکتے ہیں‘۔

پی ٹی آئی کی اس پوسٹ کے جواب میں بیشتر ’ایکس‘ صارفین نے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کو عطیات دینے اور مستحق افراد میں کھانا تقسیم کرنے کی تجویز دی۔

صارف جبران الیاس نے مستحق افراد میں کھانا تقسیم کرنے، یتیم خانوں میں جا کر بچوں کے ساتھ وقت گزارنے اور شوکت خانم اسپتال اور دیگر ایسے اداروں کو عطیات دینے کی تجویز پیش کی۔

صارف حسین شریف نے کہا کہ وہ قیدی جو  5 سے 10 ہزار روپے تک کا جرمانہ ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں ان کا جرمانہ ادا کر کے انہیں رہائی دلوائی جائے۔

صارف ڈاکٹرایم کیو نے مشورہ دیا کہ ہومیو پیتھک اقدامات کے بجائے ایک پرزور احتجاج مناسب رہے گا، ہم انہیں اس وقت جب وہ تکلیف میں ہیں کوئی بزرگ یا صوفی نہیں بنانا چاہتے، آپ کو گلیوں میں، سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا سمیت ہر جگہ تحریک پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

چند ایسے صارفین بھی تھے جنہوں نے نہایت منفرد تجاویز پیش کیں۔ صارف ’فری‘ نے مشورہ دیا کہ اڈیالہ کے آس پاس سالگرہ مبارک کے غبارے خان صاحب کی تصویر کے ساتھ فضا میں چھوڑنے چاہییں اور جو لوگ دور ہیں وہ ایسا اپنے گھروں میں کریں۔

 صارف ایم نعمان نے لکھا، ’میرے خیال میں تمام تحریک انصاف والوں کو اپنے اپنے گھروں میں سبز اور لال غبارے پھلا پھلا کر پھاڑنے چاہییں‘۔

بشریٰ خان نے لکھا، ’ میرے خیال میں ہمیں کشمیر آزاد کروانا چاہیے تاکہ ریاست کو یہ میسج پہنچے کے ہم ابھی بھی اپنے دلیر لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن بحثیت قوم ہم اتنے دلیر نہیں۔‘

ایک اور پوسٹ میں پی ٹی آئی نے کہا کہ ’ہم نے عمران خان کو خطوط لکھنے شروع کیے ہیں تاکہ اس بات کا اظہار کیا جا سکے کہ ہم ان کو کس قدر سراہتے ہیں اور ان کے جیل میں ہونے پر ہم کیسا محسوس کرتے ہیں‘۔

پی ٹی آئی نے اپنے سپورٹرز سے کہا کہ وہ اپنے خطوط کی تصاویر اس پوسٹ کے جواب میں شیئر کریں۔ اس پوسٹ کے جواب میں پی ٹی آئی سپورٹرز نے عمران خان کے لیے لکھے گئے خطوط شیئر کیے جن میں سے چند یہ ہیں:

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp