آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 فکسچرز، لائیو کہاں سمیت وہ سب جو آپ جاننا چاہیں

پیر 2 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں ماہ شروع ہونے والا کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کا 13 واں ایڈیشن ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہر چار سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔ اب کی بار یہ ٹورنامنٹ بھارت میں کھیلا جارہا ہے جس میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی

میگا ایونٹ کا آغاز 05 اکتوبر کو بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا۔ پہلے میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جبکہ گروپ سٹیج کا آخری میچ 12 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنلز 15 اور 16 نومبر کو جب کہ فائنل مقابلہ 19 نومبر کو احمد آباد میں ہو گا۔

World's largest cricket stadium Motera to be formally inaugurated by President Kovind today - The Statesman

بھارت میں 10 مما لک کی ٹیمیں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ تمام ٹیموں نے آئی سی سی سپر لیگ کے ذریعے اس میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

آئی سی سی سپر لیگ 2020 سے 2023 کے درمیان کھیلی گئی جس میں مختلف ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی اور فہرست میں پہلے 8 نمبر پر آنے والی ٹیموں نے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا۔ فہرست میں آخری 5 نمبروں پر رہنے والی ٹیموں نے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جن میں سے سری لنکا اور نیدر لینڈز نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا اور یوں میگا ایونٹ کے لیے 10 ٹیمیں مکمل ہوئیں۔

Match schedule announced for ICC Men's Cricket World Cup 2023

فارمیٹ، میچز اور پوائنٹس

مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے تمام میچ 50 اوورز پر مشتمل ہوں گے اور اگر بارش میچ کو متاثر کرتی ہے تو امپائرز ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت میچ کے اوورز کی تعداد کا تعین کریں گے۔

ٹورنامنٹ میں ہر ایک ٹیم 9 میچز کھیلے گی اور گروپ اسٹیج میں ٹاپ فور ٹیمز براہ راست سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔

گروپ اسٹیج میں ہر میچ جیتنے والی ٹیم کو 2 پوائنٹس ملیں گے جبکہ میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ شیئر کریں گی۔ اگر گروپ اسٹیج کے اختتام پر 2 یا زیادہ ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہوتے ہیں تو سیمی فائنل میں جانے کے لیے فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہو گا۔

گروپ اسٹیج میں نمبر ون آنے والی ٹیم چوتھے نمبر پر آںے والی ٹیم سے جب کہ نمبر 2 اور 3 پر رہنے والی ٹیموں کا مقابلہ ہو گا۔ ان میچز کی فاتح ٹیمیں 19 نومبر کو ٹرافی کے لیے جنگ لڑیں گی۔

گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں کیا ہوا؟

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کا آخری ایڈیشن 2019 میں انگلینڈ میں کھیلا گیا جس کے فائنل کا اختتام انتہائی ڈرامائی انداز میں ہوا تھا۔ جب میچ کا سپر اوور بھی میچ کا فیصلہ نہ کرسکا تو مقابلے کا فیصلہ ایسے اصول پر کیا گیا جس سے اس وقت شاید کوئی بھی واقف نہیں تھا۔ یوں اس فائنل میچ کے دوران زیادہ باؤنڈریز لگانے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔

میچ کے ہیرو انگلینڈ کے سٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس تھے جنہوں نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

بھارت نے 2019 کے ورلڈ کپ میں گروپ اسٹیج کو ٹاپ کیا تھا مگر اسے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی دوسری جانب انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

اب تک ہونے والے میگا ایونٹس میں کیا ہوا؟

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ پہلی بار 1975 میں جبکہ دوسری بار 1979 میں کھیلا گیا جس دونوں میگا ایونٹس کی میزبانی انگلینڈ نے کی۔ آغاز کے دونوں ٹورنامنٹس ویسٹ انڈیز نے جیتے تھے اور 2023 میں یہ پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس ٹورنمامنٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کر پائی۔

آسٹریلیا نے اس ٹورنا منٹ کو مسلسل تین بار (1999، 2003 اور 2007) جیت کر ورلڈ کپ جیتنے کی ہیٹ ٹرک کرنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے جبکہ سب سے زیادہ پانچ بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز بھی کینگروز کو حاصل ہے۔

اس ٹورنامنٹ کو آسٹریلیا کے بعد بھارت اور ویسٹ انڈیز نے 2 2 بار جبکہ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا نے ایک ایک بار جیت رکھا ہے۔

فائنل سے پہلے فائنل:

پورا ورلڈ کپ ایک طرف دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں ہونے والا کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا ایک طرف۔ پوری دنیا کی نظریں اس مقابلے پر ہوں گی اور فائنل سے پہلے فائنل 14 اکتوبر کو بھارت کے شہر احمد آباد میں ہو گا۔

کیا آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے ٹکٹس دستیاب ہیں؟

ورلڈ کپ کے کچھ میچوں کے ٹکٹس ابھی بھی آئی سی سی کی ویب
سائٹ https://www.cricketworldcup.com/پر دستیاب ہیں۔

ٹیمیں اور کھلاڑی:

افغانستان

حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، ریاض حسن، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد، فضل الحق فاروقی، عبدالرحمن، نوین الحق۔

آسٹریلیا

پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔

بنگلہ دیش

شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن تمیم، نجم الحسن شانتو ، توحید ہردوئے، مشفیق الرحیم، محمود اللہ ریاض، مہدی حسن میراز، نسم احمد، شک مہدی حسن، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، حسن محمود، شورفل اسلام، تنزیم حسن ثاقب۔


انگلینڈ

جوس بٹلر (کپتان)، معین علی، گس اٹکنسن، جونی بیرسٹو، سیم کرن، لیام لیونگسٹون، ڈیوڈ مالان، عادل رشید، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، ریس ٹوپلی، ڈیوڈ ولی، مارک ووڈ، کرس ووکس۔


بھارت

روہت شرما (کپتان)، ہارڈک پانڈیا ، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جدیجا، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادو، محمد شامی، روی چندرن ایشون، ایشان کشن، سوریا کمار یادیو۔

نیدر لینڈز

سکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، وکرم سنگھ، تیجا ندامانورو، پال وین میکرین، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، ریان کلین، ویسلے بیریسی، ثاقب ذوالفقار، شاریز احمد، سائبرینڈ اینجلبرچٹ۔

نیوزی لینڈ

کین ولیمسن (کپتان)، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، جمی نیشم، گلین فلپس، ریچن رویندرا، مچ سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، ول ینگ۔

پاکستان

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم

ساؤتھ افریقہ

ٹیمبا باووما (کپتان)، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، مارکو جانسن، ہینرک کلاسین، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، لونگی نگیڈی، اینڈائل پھہلوکوایو، کاگیسو ربادا، تبریز شمسی، رسی وانڈر ڈوسن، لیذاڈ ولیمز۔

سری لنکا

داسن شاناکا (کپتان)، کوسل مینڈس ، کوسل پریرا، پاتھم نسانکا، لاہیرو کمارا، دیموتھ کرونارتنے، سدیرا سماراویکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، مہیش تھیکشانا، دونتھ ویلالگے ، کسون راجیتھا، متھیشا پتھریانا، دلشن مدھو شنکا، دوشان ہیمناتھا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 لائیو کہاں دیکھ سکتے ہیں؟

برطانیہ (یو کے) میں رہنے والے کرکٹ شائقین اسکائی اسپورٹس پر میچز براہ راست دیکھ سکیں گے جب کہ چینل 5 میگا ٹورنامنٹ کی جھلکیاں دکھائے گا۔

ٹیسٹ میچ اسپیشل اس ٹورنامنٹ کی کمنٹری کو ریڈیو 5 اسپورٹس کے ذریعے اپنے شائقین کے لیے براہ راست دکھائے گا جب کہ بی بی سی اسپورٹس اپنی ویب سائٹ پر تمام میچز کی جھلکیاں دکھائے گا۔

آسٹریلیا میں رہنے والے شائقین کے لیے فوکس اسپورٹس اور نیوزی لینڈ میں اسکائی اسپورٹس پر میچز کو براہ راست دکھایا جائے گا۔

بھارت میں تمام میچز اسٹار سپورٹس براہ راست نشر کرے گا جب کہ پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر میچز براہ راست ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز میں کرکٹ شائقین ای ایس پی این کرک انفو دکھائے گا جبکہ شمالی امریکہ میں شائقین  ESPN CricInfoاور Willow TV  کے ذریعے میچز کو براہ راست دیکھ سکیں گے۔

ساؤتھ افریقہ میں Supersport  اور سری لنکا میں Maharaja TV پر میچز کو دیکھا جا سکتا ہے۔

بنگلہ دیش میں Ghazi TV  اور افغانستان میں Ariana TV  کو میگا ایونٹ کے تمام میچز براہ راست دکھانے کے حقوق حاصل ہوئے ہیں۔

پاکستانی شائقین ٹیپ میڈ، اے آر وائی زیب، تماشہ، دراز اور شوق نامی ایپس پر ورلڈ کپ کے میچز لائیو دیکھ سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp