ماہرہ سلیم خان: میں اپنی محبت کو دل میں سمیٹے اس ویڈیو کو بار بار دیکھ رہا ہوں اور رو رہا ہوں

پیر 2 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بول، منٹو، بِن روئے، قائداعظم زندہ باد، ایکٹر اِن لا، ورنہ، سات دن محبت اِن، پرے ہَٹ لو، رئیس، دی لیجنڈ آف مولا جٹ جیسی نامور فلموں میں کام کرنے والی ماہرہ خان نے اپنے دوست مشہور اور مشہور کاروباری شخصیت سلیم کریم سے شادی کر لی۔

ماہرہ خان کی شادی کا اعلان ان کی مینجر انوشے طلحہٰ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے کیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Maliha Rehman (@maliharehman1)

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آئیوری لہنگے میں ملبوس ماہرہ دولہا کی طرف چل کر جاتی ہیں جبکہ سلیم نے سیاہ شیروانی زیب تن کی ہوئی ہے اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری ہیں۔ اداکارہ کی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں رشتے دار اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

اداکارہ اور سلیم کریم کی شادی کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور مداحوں نے ان کے لیے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار شروع کردیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر احتشام صدیق نے اپنی پوسٹ میں دولہا اور دلہن کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یو خٹک نامی ایکس صارف نے اپنی پوسٹ میں سلیم کریم کے رونے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مرد کا شادی میں رونا اب نیا رواج ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ماہرہ خان اور ان کے شوہر کے لباس کی بھی تعریف کی۔

سرحد پار ایکس صارفین بھی ماہرہ خان کی شادی پر اتنے ہی خوش دکھائی دیئے جتنے پاکستانی۔ ایک بھارتی ایکس صارف سربھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ماہرہ خان نے شادی کر لی۔ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ محبت پر یقین کبھی مت چھوڑیں، یہ آپ کی طرف بار بار واپس آئے گی۔ جب آپ کو اس کی طلب نہیں بھی ہوگی تب بھی یہ آپ کو ڈھونڈ لے گی۔

واصف فاروقی نامی ایکس صارف نے ماہرہ خان کو ’ماہرہ سلیم خان‘ کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ سفید جوڑے سے بہتر آپ کے لیے اور کچھ نہیں ہو سکتا، میں اس ویڈیو کو بار بار دیکھ رہا ہوں اور رو رہا ہوں چلو اللہ حافظ۔

سعدیہ نے اپنی پوسٹ میں ماہرہ خان کی شادی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں خوشی سے رو رہے ہیں اور میرا دل پگھل رہا ہے۔

ماہرہ خان کے شوہر سلیم کریم کون ہیں؟

ماہرہ خان کے شوہر سلیم کریم کاروباری شخصیت ہیں، جنہوں نے سِم پیسہ کے سی ای او کے طور پر کاروباری دنیا میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق سلیم کریم کا یہ سٹارٹ اپ لوگوں کو اپنے سم کارڈز کے ذریعے براہ راست ادائیگیاں کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، اور لاتعداد لوگوں کے لیے مالی لین دین کو آسان بناتا ہے۔ کمپنی مبینہ طور پر 15 سے زیادہ ممالک میں مختلف شعبوں کے تاجروں کو سہولت فراہم کرتی ہے۔

ماہرہ اور سلیم کا مبینہ طور پر پہلی بار 2017 میں ٹیپ میڈ نامی ٹیلی ویژن ایپلی کیشن کے لانچ کے موقع پر آمنا سامنا ہوا تھا۔

ڈسپیچ نیوز ڈیسک کی 2019 کی رپورٹ کے مطابق، 2019 میں ماہرہ خان نے ترکی میں ایک تقریب میں منگنی کی جس میں قریبی دوستوں اور خاندان والوں نے شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق، سلیم نہ صرف کراچی میں قائم سٹارٹ اپ سِم پیسہ کے سی ای او ہیں بلکہ ایک پیشہ ور ڈی جے بھی ہیں۔

واضح رہے کہ 2سال پہلے ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنے دوست سلیم کریم سے محبت کا اظہار کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp