پنجاب گردہ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران سنسنی خیز انکشافات

پیر 2 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں گردوں کی پیوند کاری کے اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 8 رکنی گروہ کو سونیا نامی ہیلتھ ورکر کی معاونت حاصل رہی، سونیا کا شوہر وحید طاہر پراپرٹی ڈیلر ہے اور وہ گردے بیچنے والوں کو گروہ کے پاس لاتا تھا۔

پولیس تفتیش کے مطابق ڈاکٹر فواد کا فرنٹ مین شوکت معذور شخص ہے جس نے 65 ملکی و غیر ملکی خریداروں کے گردے کے آپریشن کروائے۔

تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ لیاقت نامی شخص اپنا گردہ اسی گینگ کو فروخت کرکے اہم کارندہ بن گیا، 15 سال قبل گردہ فروخت کرنے والے لیاقت نے مزید 15 افراد کے گردے خریدے۔

بھارت میں انسانی گردوں کے کاروبار سے جڑی آن لائن نوسربازیاں عروج پر

یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایک فاروق نامی شخص نے بھی اپنا گردہ بیچ کر گینگ کی رکنیت حاصل کی۔

حیران انکشاف یہ سامنے آیا ہے کہ ڈاکٹر فواد کی غیر موجودگی میں مکینک نوید مریضوں کی سرجریز کرتا رہا، اس نے گردوں کی پیوندکاری کی تربیت ڈاکٹر فواد سے حاصل کی۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر فواد سمیت گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری میں ملوث گروہ کے 8 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp